چاغی (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج رہی تھی لیکن پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد کی پیٹھ پر چھرا گھونپ دیا۔
چاغی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں سے معیشت کا پہیہ رک گیا ہے، ڈالر کی قدر آسمان کو چھو رہی ہے،خودکشی کرنے کا دعویدار آج آئی ایم ایف کے رحم کرم پر ملک چلا رہے ہیں، ملک کو آئی ایم ایف چلا رہا ہے۔
عوام کی کمر مہنگائی سے ٹوٹ چکی ہے، اس وقت ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہورہا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج رہی تھی لیکن پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد کی پیٹھ پر چھرا گھونپ دیا۔
بلوچستان حکومت میں تبدیلی کے حوالے سے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے پارلیمنٹ کی تقدس کو پامال کیا اور اپوزیشن پر بکتر بند گاڑی تک چڑھا دی۔
جام کمال سے ان کے اپنے اتحادی ہی تنگ تھے، اپوزیشن نے صرف ایک گرتی ہوئی دیوار کو دکھا دیا، اپوزیشن نے جام کمال حکومت کو گرانے میں ساتھ دے کر اپنا سیاسی انتقام لیا ، ایوان میں عددی اعتبار سے ہم کم تھے اس لیے حکومت میں شامل نہیں ہوئے۔