کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ڈیڈلائن سے متعلق بیان سامنے آگیا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پی ڈی ایم کی ڈیڈلائن پراستعفیٰ دینے میں ناکام ہوئے ہیں، وزیراعظم کا استعفیٰ دراصل ان کی ناجائز حکومت کیلئے ایک باعزت موقع تھا اور وزیراعظم باعزت طریقے سے استعفیٰ دے کرمنصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو آگے بڑھاسکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر تاریخی غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کو مسلط کردیا ہے، امید ہے کہ لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ہمارے پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں زیربحث آئے گا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں اپنی واضح شکست سے بچنے کیلئے قوانین میں تبدیلی سے حکومتی مایوسی عیاں ہوچکی ہے، سینیٹ انتخابات ثابت کردیں گے کہ حکومت کی بنیادیں غیرمستحکم ہیں، صرف وہی حکومت عوام کی خدمت کرسکتی ہے کہ جسے عوام نے منتخب کیا ہو۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 31 جنوری تک کی وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔