پی ڈی ایم آج کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

PDM

PDM

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج شہر قائد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گا۔

پی ڈی ایم آج کراچی کے باغ جناح میں جلسہ کرے گی جس کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

جلسہ گاہ میں سیاسی قائدین کے لیے 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جبکہ شرکاء کے لیے ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔

جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے بھی خصوصی حصہ بنایا گیا ہے اور اسٹیج کے ساتھ ہی خواتین کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں، خواتین کی کرسیوں سے آگے ڈنڈے لگائے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم کا جلسہ شام 4 بجے شروع ہو گا جس سے مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔

جلسے کی سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ رضا کاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

جلسے کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور 3748 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دیں۔

جلسے کے باعث مزار قائد اور اطراف کےعلاقوں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلد حکومت مخالف ملک گیر جلسوں کا بھی اعلان کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی، حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی پیٹھ میں چُھرا گھونپا، پیپلز پارٹی اب قصہ پارینہ بن چکی ہے۔

جلسے میں خواتین کی شرکت سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا خواتین جلسے میں آئیں گی، انہیں مکمل حفاظت اور عزت دی جائے گی۔