کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت تمام تر وسائل کو استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو کوئٹہ میں یکجہتیِ کونسل کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن اور خوشحالی کے لیے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ عبدالقیوم چنگیزی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلوچستان میں ہزارہ برداری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت نے کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر توجہ دینے کی پالیسی اپنائی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بے نظیر بھٹو ہسپتال میں سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن میں قائم اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر وفد کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ حکومت ہزارہ برادری کے جان و مال کے ہر ممکن تحفظ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے کوئٹہ سے زیدان تک فلائٹ آپریشن کے آغاز کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔