اسلام آباد (جیوڈیسک) کور کمانڈرز نے ملک کی اندرونی سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات بشمول افغان مصالحتی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 218ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور اندرونی معاملات اور خطے میں قیام امن کے لیے کیے جانے والے حالیہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت آپریشنز جاری ہیں، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ امن کی بہتر صورتحال کے ثمرات لوگوں تک پہنچیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشیں ناکام بنائیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا اپنی سرحدوں کے تحفظ سمیت مربوط قومی ردعمل پر بھرپور توجہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے شرکاء نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔