کراچی: معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ امن وامان قائم کرنا حکومت کی اولین ذمہداری ہے، محرم الحرام کے آتے ہی ملک دشمن عناصر فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازشوں میں مصروف ہوجاتے ہیں ،عبادات کو عبادت گاہوں تک محدود کرکے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا یا جاسکتاہے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اورعوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کی بحالی اور بھائی چارگی کی فضاء قائم رکھیں اور حکومت سکورٹی فول پروف کے دعووں کے بجائے سکورٹی کے ٹھوس انتظامات پر توجہ دے۔منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں وفاق المساجد کے تحت ائمہ مساجد سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ محرم الحرام باہم ایثار قربانی کا درس دیتاہے نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی جان کی قربانی دیکر اپنے نانا کے دین کو آنچ آنے نہیں دی ان کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
ماہ محرم عدل فاروقی اور جزبہ حسینیؓ کے تحت زندگی گزارنے کا درس دیتاہے انہوں نے کہاکہ محرم الحرام امت مسلمہ کو اخوت اور دین اسلام کے خاطر ہرقسم کی قربانی کادرس دیتاہے اور یہی کربلا کا اصل پیغام ہے جسیں پس پشت ڈالنے والے خرافات اور جہالت میں مبتلا ہیں ، انہوں نے کہاکہ محرم الحرام آتے ہی ملک وملت کے دشمن بیرونی عناصر وطن عزیز کو فرقہ واریت میں دھکیل کر غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہو جاتے ہیں۔
عبادات کو عبادت گاہوں تک محدود کرکے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا یا جاسکتاہے اور تمام مکاتب فکر علماء کرام اور عوام الناس کی ذمہداری بنتی ہے کہ وہ شرپسندعناصر کی شر سے محفوظ رہتے ہوئے ان کی جانب سے پھیلائی جانے والے پروپیگنڈوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں ، امن، وامان کی بحالی اور بھائی چارگی کی فضا قائم کرنے کیلئے بلند کردار ادا کرکے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں۔مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حکومت اورقانون نافذکرنے والے ادارے ہمیشہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کادعوی کرتے ہیں مگر ہر بار یہ دعوے بے سود ثابت ہوتے رہے ہیں حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے عوام کو حقیقی معنی میں تحفظ کو یقینی بنائے صرف زبانی جمع خرچ کی بجائے ٹھوس اقدامات پر توجہ دی جائے انہوں نے کہاکہ عوام کے جان ومال اوردیگرعوامی مقامات مساجد،امام بارگاہوں کی حفاظت کی اولین ذمہ داری حکومت کی ہے انتظامیہ اورعوامی مقامات پر لوگوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے۔