قیام امن کے لئے وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے، آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر اورپیپلزپارٹی کے چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت شہر میں امن چاہتی ہے اور قیام امن کے لئے وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام، سابق صدرآصف زرداری، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز سمیت اعلیٰ حکام اورسیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صدرآصف زرداری کا کہنا تھا کہ شہر میں دوبارہ امن کی روشنیوں کی بحالی کے لئے وفاقی وزیر داخلہ سے بھرپور تعاون کریں گے اورکراچی آپریشن کے لئے پولیس کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کو کام کرنے دیا ہے جبکہ ہر ادارے کو مدد کی ضرورت ہے اور پیپلزپارٹی ہر ادارے سے تعاون کرے گی۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ لیاری سمیت کراچی میں پہلے جیسے حالات نہیں رہے، چاہتے ہیں کہ کراچی میں پہلےجیساامن واپس آجائے تاہم پیپلزپارٹی شہر کےامن کےلیے ہر فیصلے کی مکمل حمایت کرے گی۔