کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹ میں بھارتی مداخلت کی دستاویزعالمی برادری کو بھجوانے کی قرارداد کی متفقہ منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے وجود سے خائف اور اسے مٹانے کیلئے سازشوں کے تانے بانے بنتا رہا ہے اور دنیا یہ بات اچھی طرح جانتی ہے کہ پاکستان میں جاری دہشتگردی ‘ بد امنی اورقتل و غارت میں بھارت کا ہی خفیہ ہاتھ ہے۔
جبکہ کلبھوشن اور دوسرے گرفتار بھارتی جاسوسوں نے اب اس خفیہ ہاتھ کو دنیا کے سامنے بے پردہ بھی کردیا ہے اور پاکستان دشمن بھارتی اقدامات کے شواہد بھی پاکستان کو حاصل ہوچکے ہیں تو پھر اب پاکستان کو بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے میں مزید پس و پیش اور تامل سے کام لیکر وقت ضائع کرنے کی بجائے فوری طور پر سینٹ کی قرارداد کے مطابق پاکستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد عالمی برادری کے سامنے لانے چاہئیں تاکہ دنیا کے سامنے بھارت کی امن اورانسانیت دوستی کا اصل چہرہ بے نقاب ہو۔