خطے میں امن چاہتے ہیں، امید ہے بھارتی حکومت مذاکراتی عمل بحال کرے گی، پاکستان

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا فیصلہ آج کر لیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ کہتی ہیں کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، امید ہے نئی بھارتی حکومت انتخابی تقریروں کو پیچھے چھوڑ کر مذاکراتی عمل بحال کرے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم کی نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعظم مصروف ہوئے اور تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا تو سفارتی اقدار کے مطابق کوئی اور شخص وزیراعظم کی نمائندگی کرسکتا ہے، اگر وزیراعظم بھارت گئے تو خطے میں امن اور اقتصادی تعلقات پر بات ہو گی۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ پہلے بھی بھارت کے ساتھ اٹھا چکے ہیں، وزیراعظم کے ممکنہ دورہ بھارت میں یہ معاملہ شامل نہیں ہو گا۔

امریکی حکام کے ایک بیان سے متعلق سوال پر ترجمان نے جواب دیا کہ شکیل آفریدی کو سزا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، یہ معاملہ ہم اپنے قانون کے مطابق حل کریں گے، چینی سیاحوں کا قتل قابل افسوس ہے، حکومت ذمے داروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔