امن کیلیے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا: وزیر خارجہ

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امن کے لیے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس کیا گیا۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دو سال مکمل ہونے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مودی حکومت نے خطے کا امن متاثر کیا لیکن دنیا نے دیکھا کہ ہم نے خطے میں امن کے لیے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی بحالی خوش آئند ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ ایل او سی کے دونوں اطراف امن ہو۔

ان کا کہنا تھا بھارت میں اقلیتوں کے انسانی حقوق کی پامالی کی جا رہی ہے، اب بھارت کے دانشور طبقے نے بھی مودی کی کشمیر پالیسی کو ناکام قرار دے دیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے کا امن متاثر کرنے والے مسائل کو دونوں طرف حل کرنا ہو گا۔

خیال رہے کہ آج سے ٹھیک دو سال قبل 27 فروری 2019 کو بھارتی مہم جوئی کے جواب میں پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں لے لیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے 28 فروری کو پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستان کے اس اقدام کو عالمی سطح پر خوب سراہا گیا تھا۔