کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات ہمیشہ سے پاکستان کی عسکری وسیاسی قیادت کی خواہش و کوشش رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے کئی بار کی جانے والی جارحیت اور دو پاک بھارت جنگوں کے باوجود خطے کے امن و خوشحالی کی خاطر پاکستان آج بھی بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کیلئے کوشاں ہے مگر بھارتی رویہ ہمیشہ خطے کے امن و مستقبل کیلئے خطرات کا باعث ثابت ہوتا رہا ہے
ایک جانب بھارت سرحدی جارحیت کے ذریعے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہا ہے تو دوسری طرف کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھنے کیلئے جس طرح سے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے وہ قابل مذمت حیوانیت ہی نہیں بلکہ پر امن و مہذب دنیا کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے ۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد و چیئرمین پرویز مشرف نے ”یوم کشمیر “ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانیت کی تذلیل و کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا فوری حل ناگزیر ہے بصورت دیگر کشمیر میں جاری بھارتی مظالم خطے سے تیسری عالمی جنگ کے آغاز کا باعث بن سکتے ہیں۔
اے پی ایم ایل سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق پرویز مشرف نے اے پی ایم ایل کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد ‘ سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی اور صوبائی جنرل سیکریٹری شاہد قریشی کے ہمراہ یوم کشمیر کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور اگر میری حکومت برخواست نہ کی جاتی توپاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کا باعث مسئلہ کشمیر ابتک حل ہوچکا ہوتا اور خطے کے امن کو لاحق خطرات میں خاطر خواہ کمی آگئی ہوتی ۔