تحریر : ملک محمد سلمان صحرائے چولستان جو مقامی طور پر روہی کے نام سے بھی مشہور ہے یہاں ہر سال فروری کے مہینے میں انٹرنیشنل جیپ ریلی کا انعقاد کیا جاتا ہے۔تیرہ برس قبل پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے اس کام کا بیڑہ اٹھایا تھا، تب سے اب تک یہ ریلی نہ صرف کامیابی سے جاری ہے بلکہ اس کی مقبولیت اور اثرانگیزی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری سطح پر یہ ایک روایت اور چولستان کی پہچان بنتی جارہی ہے۔
سنئیر صحافی و خزانچی لاہور پریس کلب احسان شوکت اور کوارڈینیٹر منسٹری آف ہومین رائٹس پنجاب شہباز مغل کے ہمراہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے ایم ڈی احمر ملک اور جنرل منیجر اسجد غنی طاہرکی دعوت پر تیرہویںسالانہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کیلئے لاہور سے روانہ ہوئے توڈی پی او وہاڑی عمر سعید کی دعوت پر رات گئے پولیس ریسٹ ہائوس وہاڑی پہنچے ۔ڈی سی ہائوس کے بالمقابل وسیع و عریض لان اور فرنشڈ کمروں پر مشتمل پولیس ریسٹ ہائوس میں رات آرام کیا اورصبح کے وقت پی آر اووہاڑی پولیس رائو فیصل اور عدنان طارق کے ہمراہ پولیس خدمت سنٹر کا معائنہ کیا۔وہاڑی پولیس کے ضلعی سربراہ عمر سعید کی ذاتی دلچسپی اورخصوصی کاوش سے کی گئی اصلاحات واقعی لائق تحسین و شاباش تھیں۔وہاڑی سے چولستان کی طرف عازم سفر ہوئے ۔سارے سفر میں بہترین دورویہ سڑک تھی جس کی وجہ سے سفر آسانی اور تیزی سے طے ہوا اور ہم کچھ گھنٹوں میں ٹی ڈی سی پی کے مرکزی ریسٹ ہائوس میں پہنچ گئے۔ایس پی نیشنل ہائی وے پولیس جاوید چڈھر کی طرف سے روڈ اگاہی کے بورڈ اور اسٹالز کا اہتمام کیا گیا تھا۔آرام دہ اور پختہ سڑک کے دونوں اطراف نظر آنے والے سکول کالجز اور ہسپتال جنوبی پنجاب کی بد حالی کے نام پر سیاست کرنے والوں کے جھوٹوں کی قلعی کھول رہے تھے۔
پنجاب کے دور دراز علاقوں تک ضروریات زندگی کی تمام سہولیات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔مرکزی کیمپ کے باہر معلوماتی وا گاہی اسٹال پر موجود پبلک ریلشنشپ آفیسر عابد شوکت نے گرمجوشی سے استقبال کیا اور ہمای رہائش کیلئے مخصوص خیموں تک چھوڑنے ساتھ آئے۔ٹی ڈی سی پی کی طرف سے میڈیا کیمپ کے نام سے بہترین سہولیات سے مذین خیمہ بستی قائم کی گئی تھی،جس میں تمام نمایاں ٹی وی چینلز اور اخبارات کے سنئیر صحافیوں کیلئے رہائش کا اہتمام کیا گیا تھا ۔خیمہ بستی کے انچارج مقصود احمد اور جاوید اقبال روزانہ کی بنیاد پر خیموں کی صفائی صاف ستھرے بستروں کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل نظر آئے۔تین روزہ قیام کے دوران رہائش کے ساتھ کھانے کا بھی بہترین انتظام کیا گیا تھا ،کھانے کے معیار اور ذائقے کی وجہ سے لاہور کی کمی بالکل محسوس نہیں ہوئی۔فوڈ انچارج محمد عرفان ناشتے ،لنچ او رڈنر کے اوقات میں خود موجود ہوتے اورخوش اخلاقی اور خوش دلی سے مہمانوں کو خدمت پر معمور نظر آئے۔ جنرل منیجر اسجد غنی طاہراور سنئیر ٹورازم آفیسر رائے نسیم جیپ ریلی کے 240کلومیٹر کے طویل ٹریک کی خود نگرانی کرتے رہے۔پاکستان آرمی کے میجر شیرازی ، میجر ڈاکٹر فیصل جبکہ پاکستان رینجرز کے سپریٹنڈنٹ مختار احمد اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ تنویر عباس کی قیادت میں آرمی اور رینجرز کے سینکڑوں جوان ٹریک کی 11چیک پوسٹ اور شاہرائوں پر عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے مصروف عمل رہے۔ٹریک انچاج رائے نسیم کی رہنمائی و حکمت عملی جبکہ آرمی اور رینجرزکے جوانوں کی فرض شناسی کے سبب کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا۔
دلچسپ اور سنسنی خیز جیپ ریلی میں شریک خواتین کی کارکردگی نے دیکھنے والوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔میر نادر مگسی نے مسلسل دوسری مرتبہ معرکہ مار لیا۔ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے اختتام پر رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوئی، نصف گھنٹے پر محیط آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ہر طرف رنگوں کی بہار دیکھنے کو ملی۔تاریخی قلعہ ڈیراور کو رنگ برنگ برقی قمقموں سے سجایا گیا اور اس کے صدر دروازے کے سامنے کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں لوک فنکار آڈو بھگت، شہنائی نواز ملک حسین، ذیل نواز مرید حسین، مشتاق چھینہ،کومل خان اور شہزادی ارم سیال سمیت مقامی وعلاقائی فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر انفارمیشن اینڈ کلچر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر انفارمیشن اینڈ کلچر مجتبیٰ شجاع الرحمن اور کمشنر بہاول پور ثاقب ظفر کی آمد پر آرام گاہوں میںسوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو بھی چولستان کی یاد آگئی۔صوبائی وزیر انفارمیشن اینڈ کلچر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف کیا ہوا ہے ، چولستان کو دیگر خطوں کے ہم پلہ بنانے کے لئے روڈ نیٹ ورک کے پھیلائو، صاف پانی کی فراہمی ، لائیو اسٹاک کی ترقی کے لئے چولستانی باشندوں میں مفت مویشیوں کی تقسیم سمیت لائیو اسٹاک موبائل ڈسپنسریوںکا قیام اورچولستان کے دوردراز پسماندہ علاقوں کے بچوں تک علم کی شمع روشن کرنے کے لئے سکولوں کا قیام جیسے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔
صحرائے چولستان جیپ ریلی میں آنے والے سیاحوں کی تعداد دو لاکھ سے کسی صورت کم نہیں تھی۔کئی کلومیڑ تک سیاحوں نے شامیانوں کا شہر بسایا ہوا تھا۔چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کامیاب بنانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پرڈویڑنل وضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، آرمی، رینجرز، پولیس، سول ڈیفنس، بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو1122 اور ڈولفن فورس کی خدمات بھی لی گئیں۔کامیاب جیپ ریلی کے انعقاد پر ایم ڈی احمر ملک اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
شہباز شریف کی ذاتی دلچسی کی باعث چولستان ڈیزرٹ ریلی عالمی سطح پر متعارف ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اس ایونٹ میں غیر ملکی ڈرائیورز اور شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت ممکن ہوئی ہے۔چولستان ڈیزرٹ ریلی کی وجہ سے مقامی باشندوں کو بھی معاشی سرگرمیوں کے مواقع میسر آئے ہیں اور یہاں کی ثقافت بھی قومی منظر نامے پر نمایاں ہوئی ہے۔پاکستان کے مثبت اور سافت امیج کو دنیا بھر میں متعارف کروانے اورلوگوں کو سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنے کیلئے ڈیزرٹ جیپ ریلی جیسے فیسٹیول اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔