امن مذاکرات سبوتاژ کرنے کے لیے مذاکرات مخالف قوتیں متحرک ہو گئی ہیں،لیاقت بلوچ
Posted on April 23, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور : سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امن مذاکرات سبوتاژ کرنے کے لیے مذاکرات مخالف قوتیں متحرک ہوگئی ہیں، پاکستان کو دہشت گردی، انتقام اور نفرت کی بھینٹ چڑھانے کیلئے گن پوائنٹ پر اپنے ایجنڈے کے نفاذکی سازش کی جارہی ہے۔ سینئر صحافی اینکر پرسن حامد میر پر کراچی میں حملہ کرکے ایک تیر سے کئی شکار کیے گئے ہیں، عدالتی کمیشن جلد از جلد اپنا کام مکمل کرے۔
وفاقی اور صوبہ سندھ کی حکومتیں بھی مجرموں کو بے نقاب کریں، پوری سازش کے تانے بانے قوم کے سامنے لائے جائیں، دہشت گردی کا ہر واقعہ قابلِ مذمت ہے، حامد میر پر حملہ صحافت اور قومی سلامتی پر حملہ ہے، وفاقی اور سندھ حکومت سنجیدگی سے تیز ترین انصاف پر مبنی اقدامات کریں۔ امن مذاکرات ملک و ملت کے لیے انتہائی ناگزیر ہیں، قبائل بد امنی اور دہشت گردی کی وجہ سے بہت زیادہ متاثرہوئے ہیں، فوجی آمر نے غلط پالیسی سے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا۔
ناکام پالیسیاں جاری رکھنے کی ضد قائم رکھی گئی تو مزید نقصانات ہوں گے، پاکستان کے دشمن فائدے میں ہوں گے، حکومت، فوج، انٹیلی جنسی ادارے، تجزیۂ نگار، میڈیا ملک کو امن دینے، پاکستان دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے یک آواز اور یک سو ہوں گے تو امن مذاکرات کے بہتر نتائج برآمد ہونگے۔ جماعت اسلامی آزادی صحافت اور کارکن صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہر جدوجہد میں صحافتی برادری کے ساتھ ہے، پورے ملک میں جماعت اسلامی کے قائدین صحافیوں سے یکجہتی اور صحافیوں کے خلاف دہشت گردی پر احتجاج کریں گے۔ جماعت کے قائدین ہر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کرکے یکجہتی کا پیغام دیں گے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com