کراچی: سائبان سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے چیئر مین عالم علی نے رہنما مسلم لیگ اور یوسی 4لانڈھی مجید کالونی کے چیئر مین فیروز خان سے دوران گفتگو کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد شعور کی بیداری ہے اور تعلیم ہی ذہنوں کو روشن کرکے شعور کے مینار روشن کرتی ہے جس سے قوموں کو جلا ملتی ہے۔
دوران گفتگو فیروز خان نے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم بغیر تعلیم کے ترقی نہیں کرسکتی اور ہم پاکستان بالخصوص کراچی میں امن، ترقی وخوشحالی کیلئے تعلیم کا انقلاب برپا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30سالوں سے امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث شعبہ تعلیم سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔ فیروز خان نے رینجرز کی قربانیوں کے باعث امن قائم ہونے پر بلال اکبر اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
فیروز خان نے نامزد میئر وسیم اختر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حلف کے بعد تعلیم کی بہتری کیلئے اسکولوں میں بااختیارSMCکمیٹیاں بنائیں جو گھر بیٹھے تنخواہیںلینے والے اساتذہ کے خلاف قانونی کاروائی کی جاسکیں اور اسکولوں کے کروڑوں روپے کے فنڈز اسکولوں کی بہتری کیلئے استعمال ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکے لئے میئر کو اختیارات اور بجٹ کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔