کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی مرحوم کے سوئم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی ‘ مرکزی صدر سلیمان راجپوت ‘ انفارمیشن سیکریٹری عمران چنگیزی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی اپنے کردار و خدمات کے حوالے سے ایک بہت بڑے انسان تھے۔
ہمارے لئے جہاں یہی فخر کی بات ہے کہ ان کا تعلق ہم سے تھا اور وہ ہم میں سے تھے وہیں یہ بات بھی قابل ستائش و تحسین ہے کہ عوامی ‘ سیاسی ‘ سماجی ‘ حکومتی اور عسکری سطح پر بھی ایدھی صاحب کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور فوج و رینجرز نے ان کی پروقار تدفین کے ذریعے انہیں خراج تحسین پیش کرکے امن وانسانیت سے محبت کرنے والوں کی قدردانی کا جو پیغام عالمی سطح تک پہنچایا ہے۔
اس کیلئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی آرمی چیف ‘ افواج پاکستان اور رینجرز سمیت تمام دفاعی و محافظ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے کیونکہ ایدھی کا مشن امن ‘ محبت اور خدمت تھا اور ایدھی کی تدفین کے ذریعے امن ‘ محبت و خدمت کی قدردانی کا فوج کا پیغام اس مشن کو آگے بڑھانے کا سبب بنے گا۔
جس سے بہتر ایوارڈ ‘ اعزاز یا خراج تحسین عبدالستار ایدھی کیلئے امن کا نوبل انعام بھی نہیں ہوسکتا۔