اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں نے چند دن قبل کہا تھا کہ مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے۔ برف پگھل رہی تھی اور دونوں طرف رابطے بھی ہو چکے تھے۔
ڈرون حملے سے قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خون کو خون سے دوہنے کا راستہ چھوڑ کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ اگر کوئی اس عمل میں تعاون نہیں کر سکتا تو نقصان بھی نہ پہنچائے۔ مذاکرات کو پٹڑی سے نہیں اترنے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اپنے فیصلے اپنے مفاد میں کرنے کا حق ہے۔
اے پی سی کے فیصلوں کا احترام اور امن مذاکرات کو آگے بڑھایا جائیگا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم سے زیادہ کسی کو زخم لگے نہ کسی کا خون بہا۔ عالمی براداری بھی قتل و غارت کا خاتمہ چاہتی ہے۔