نئی دلی (جیوڈیسک) گورداسپور میں پولیس اسٹیشن پر حملے کو جواز بنار کر بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک بار بھرقلا بازی کھاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ٹیموں کے درمیان اس وقت تک کرکٹ ممکن نہیں جب تک کہ دونوں ممالک کے درمیان امن قائم نہیں ہوجاتا اور سیکورٹی کی صورت حال بہتر نہیں ہوجاتی۔
بھارتی نجی ٹی وی سے گفتگو میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکرکاکہنا تھا کہ اگر سیکیورٹی اور امن نہ ہوتو ایسے ماحول میں کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی اگرچہ کھیل ایک مختلف چیز ہے لیکن بھارت کی داخلی سیکیورٹی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا مخالف نہیں لیکن اس کے لیے پرامن ماحول درکار ہے۔
بی سی سی آئی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان ابھی کئی مسائل ہیں جو حل طلب ہیں اسی لیے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے پہلے ان مسائل کو بھی حل کرنا چاہتے ہیں، بھارتی بورڈ پاکستان کے ساتھ بات چیت کا بھی مخالف نہیں تاہم سکیورٹی ایک مرکزی نکتہ ہے۔
واضح رہے آئی سی سی کے طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز دبئی میں کھیلی جانی تھی تاہم اب گورداسپور حملے کے بعد اس کے بھی امکانات کم ہوگئے ہیں۔