واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اِس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک روز قبل ملک کے کئی شہروں میں لاکھوں افراد نے اُن کی نئی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔
وائٹ ہائوس سے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ”کل احتجاجی مظاہرے دیکھے، لیکن میرا تاثر یہی تھا کہ ابھی تو انتخاب ہوا ہے۔ اِن لوگوں نے ووٹ کیوں نہیں دیا؟ مشہور شخصیات مقصد کو بُری طرح سے نقصان پہنچاتی ہیں۔
حقوق نسوان کی مشہور حامی، گلوریا اسٹائنم؛ پاپ گلوکارہ میڈونا؛ اکٹریس اسکارلیٹ جانسن اور دیگر معروف شخصیات نے ہفتے کے روز واشنگٹن میں خواتین کی ریلی کی قیادت کی، جس کا مقصد جمعے کے روز ٹرمپ کی جانب سے عہدہ صدارت کا حلف لینے پر برہمی کا اظہار تھا۔
دو گھنٹے بعد، ٹرمپ نے ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ ”پُرامن مظاہرے ہماری جمہوریت کا حسن ہے۔ اگر میں اِس سے اتفاق نہ بھی کروں، تو بھی میں یہ بات تسلیم کرتا ہوں کہ لوگوں کو اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے۔