ُُپیرمحل کی خبریں میاں اسد حفیظ سے 29/12/2014

Mian Asad Hafeez

Mian Asad Hafeez

ُُپیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہر کے مختلف بازاروں میں لنڈا بازار بھی سج گئے۔سردی سے محفوظ رہنے کیلئے متوسط اور غریب طبقہ کے افراد نے بھی سویئٹر اور جرسیاں خرید کرنے کیلئے مذکورہ لنڈا بازاروں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے جو افراد لنڈا بھی خرید کرنے کی سکت نہیں رکھتے وہ ونڈو شاپنگ کرنے تک ہی محدود ہیں۔اگر ماضی کا جائزہ لیا جائے تو لنڈا بازاروں سے ملنے والے ملبوسات کی قیمتوں میں بھی تین گنا اضافہ ہو چکاہے جو کہ عام شہری کی قوت خرید سے باہر نظر آتی ہیں۔لنڈا بازاروں میں خریداری کرنے والوں میں زیادہ تر خواتین ہی نظر آتی ہیںجو ایک چیز کو خرید کرنے کیلئے دکاندار سے گھنٹوں بحث کرنے میں اپنا وقت ضائع کر کے بغیر خرید داری ہی گھروں کو لوٹ رہی ہیں۔

سروے کے دوران لنڈا بازاروں میں موجو دمرد وزن نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کا طوفان کم نہ ہونے کی وجہ سے لنڈا بازاروں کے ملبوسات بھی خریدکرنا ہم غریب عوام کیلئے مشکل ہو چکا ہے اگر ہم اپنا اور بچوں کا تن ڈانپنے کیلئے گرم لباس خرید کرتے ہیں تو پیٹ کر بھرنے کیلئے آٹا خرید کرنے کی ہمت نہیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود اشیاء ضروریات زندگی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔لنڈا بازاروں کے دوکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمیں کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں سے لنڈا مہنگے داموں ہی خرید کرنا پڑتا ہے جس کہ وجہ سے راستے کے دیگر اخراجات بھی ہم انہی جرسی ،سویئٹروں اور جوتوں کی قیمتوں میں منافع کو مدنظر رکھ کر ہی وصول کرتے ہیں جب کہ دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لنڈا کا سامان غریبوں کیلئے سردی سے بچائوکا بہترین ذریعہ تو ہے مگر لنڈا کی ملبوسات پہن کر انسان بہت سی جلدی امراض کا بھی شکار ہو سکتا ہے۔لنڈا بازاروں سے خرید داری کرنے والے افراد خریدے گئے سامان کو اچھی طرح دھوئے بغیر ہر گز استعمال نہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ُُپیرمحل (میاں اسد حفیظ سے)
پیرمحل اور گرد و نواح کے علاقوں میں جشن عید میلاد النبی ۖ کی تیاریاں عروج پر گھروں ، مساجد ، بازاروں میں سبز جھنڈیاں اور چراغاںتفصیل کے مطابق پیرمحل شہر اور گردو نواح کے علاقوں کے اندر جشن عید میلاد النبی ۖ کی تیاریاں عروج پر ہیں مساجد، بازاروں اور گھروں پر سبز جھنڈیاں لہرانے لگی جبکہ بازاروں ، گھروں ، پلازوں اور مساجد میں خوبصورت چراغاں کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ مختلف مساجد اور مقامات پر محفل میلاد منعقد کی جا رہی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ُپیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) نواز شریف سچی نیت سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں ،آنے والی نسلوں کو بہتر پاکستان دینا مسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن ہے ان خیالات کااظہار رکن قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف نے انتہائی نامساعد حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور وہ پہلے دن سے ہی پوری تندہی کے ساتھ ملک کو درپیش دہشت گردی، انتہا پسندی اور توانائی کے بحران جیسے مسائل سے نبرد آزما ہیںاور آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان دینا مسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن ہے۔ انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدے ضرور پورے کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں نہ صرف دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماری جیت ہوگی ۔دہشت گردی کے سدباب کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف کاعزم واستقلال خوش آئند ہے وزیراعظم میاں نوازشریف نے سیاسی قیادت اورقوم کوافواج پاکستان کی پشت پرکھڑا کردیا ۔حکومت کے ٹھوس اقدامات سے سرزمین پاک دہشت گردوں کیلئے تنگ پڑجائے گی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ُُپیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) پانچ بچوں کا باپ بجلی کا کرنٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔تفصیل کے مطابق نواحی گائوں 321گ ب میں محمد یاسین ولد محمد نواز مکان کی چھت پر مرمت کرنے میں مصروف تھا کہ لوہے کا راڈ چھت کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔متوفی پانچ بچوں کا باپ تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ُُپیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) حساس ادارے کے ملازم پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج۔تفصیل کے مطابق گائوں 733گ ب کے رہائشی ریاض حسین کا بیٹا جو کہ جابر علی جو کہ رسالپور میں حساس ادارے کا ملازم ہے چھٹی گزارنے کیلئے گھر آیا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل پر ضروری کام کی غرض سے جاتے ہوئے مذکورہ گائوں کے مسمی مظہر فریدنے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ باہم صلاح مشورہ ہو کر جابر علی پر فائرنگ کر دی جس میں وہ معجزانہ طور پر گولی لگنے سے محفوظ رہا۔واضح رہے کہ قبل ازیں بھی جابر علی پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی تھی۔تھانہ پیرمحل پولیس نے مسمی ریاض حسین کی مدعیت میں واقع میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ کا اندراج کر کے کاروائی کا عمل شروع کر دیاتھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ُُپیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) دہشت گردوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے فوجی عدالتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی اگر موجودہ نازک حالات میں بھی فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں نہ لایا جاتا تو مستقبل میں ہماری آنے والی نسلیں بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں محفوظ نہ رہتیںان خیالات کااظہارچوہدری سعید احمد سعیدی رہنما تحریک انصاف سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین کے دکھوں کا ہم مداوا تو نہیں کر سکتے مگر ان کے غم میں برابر شریک ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول کے معصوم طلبہ کو گولیوںکا نشانہ بنایا تا کہ وہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں۔ملکی بقاء اورسلامتی کیلئے تحریک انصاف نے کبھی بھی حکمران سیاسی جماعت سے مشاورت کیلئے راہ فرار اختیار نہیں کی۔تحریک انصاف کو 2013کے انتخابات پر جو تحفظات ہیں ان کو دور کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے اگر حکومت نے انتخابی دھاندلی کے حقائق چھپانے کیلئے جوڈیشنل کمیشن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو تحریک انصاف ایک بار پھر سڑکوں پر اپنا جمہوری احتجاج ریکارڈ کرواتی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت یہ جان چکی ہے کہ تحریک انصاف کے پاس ملک کے اندر ایک بڑی سٹریٹ پاور موجود ہے اور آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف مخالف سیاسی جماعتوں پر اپنی برتری بھی ثابت کر دے گی۔