پیمرا کا جیو نیوز کو شوکاز نوٹس، 14 دن کے اندر وضاحت طلب

Pemra

Pemra

اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈپٹی جنرل مینجر آپریشن پیمرا محمد طاہر کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفسیر جیو ٹی وی کو جاری کیے گئے شوز کاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز کے خلاف پیمرا کو دو درخواستیں موصول ہوئیں، ایک درخواست وزارت دفاع جبکہ دوسری درخواست ڈائریکٹریٹ جنرل آئی ایس آئی کی جانب سے موصول ہوئی جس میں کہا گیا ہے کہ اینکر پرسن حامد میر پر حملے کے بعد جیو نیوز نے آئی ایس آئی اور اعلی حکام پر جھوٹے الزامات لگانا شروع کر دیے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرنا جیو ٹی وی کی تاریخ رہی ہے۔

شکایت کے ساتھ جیو نیوز کی نشریات کا مکمل ٹرانسکرپٹ اور سی ڈیز بھی فراہم کی گئی ہیں۔ شو کاز میں کہا گیا ہے کہ جیو ٹی وی کے خلاف فراہم کیے جانے والے ثبوت پیمرا آرڈینسس کے کئی رولز کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ شوکاز نوٹس میں جیو ٹی وی کو فوری طور پر ایسی نشریات بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور 14 دن میں وضاحت طلب کی ہے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ وضاحت کی جائے کہ پیمرا آرڈینس 2002 کے سکیشن 29 اور 30 کے تحت کیوں نہ آپ کا لائسنس معطل، منسوخ یا آپ پر جرمانہ کی سزا ڈالی جائے۔ پیمرا نے جیو ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفسیر کو 6 مئی کو ذاتی طور پر بھی پیمرا ہیڈکواٹرز میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ شوکاز نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں جیو ٹی وی نے جواب نہ دیا تو یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ نوٹس مجاز حکام کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔