اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی پرائویٹ ممبر فریحہ افتخار نے کہا کہ عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ہم نے جیو کے خلاف جو فیصلہ دیا ہے اس پر 100 فیصد عملدرآمد کیلیے پیمرا حکام کو ہماری بات ماننا ہوگی۔
فریحہ افتخار کا کہنا تھا کہ بدھ کو پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سرکاری ارکان کے بلائے جانے والے اجلاس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیو چند روز کیلیے بند کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، جیو نیوز، جیو انٹرٹینمنٹ، جیو تیز کو مستقل طور پر بند کرنا چاہیے۔
فریحہ افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان کے بارے میں مسلسل8 گھنٹے تک نشریات نشرکرنے پر جیو گروپ کیخلاف سخت قانونی کارروائی سے جیو گروپ کو سبق حاصل ہوگا، جیو کے جن کرداروں نے پاک فوج کیخلاف جھوٹے الزامات لگائے ان کو سامنے لایا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔