پیمرا کی ہٹ دھرمی، عدالت عظمیٰ کے احکامات نظر انداز کر دیے

PEMRA

PEMRA

کراچی (جیوڈیسک) عدالتی احکامات کو تین دن گزر گئے، لیکن پیمرا ٹس سے مس ہونے کانام نہیں لے رہا، ملک کے اکثر علاقوں میں کیبل پر جیو کی نشریات تاحال بند ہیں، پیمرا کی عدم دلچسپی کے باعث عوام جیو نیٹ ورک کے چینلز دیکھنے سے محروم ہیں۔

سپریم کورٹ نے جیو کی اپیل پر فیصلہ دیا تھا کہ کیبل آپریٹرز کا ازخود جیو کی نشریات بند کرنا اور اس کے نمبر تبدیل کرنا غیر قانونی ہے، سپریم کورٹ نے فیصلے میں یاد دلایا کہ وہ یہ فیصلہ 2012 کو ہی دے چکی تھی کہ کیبل آپریٹرز اپنی مرضی سے نہ تو کسی چینل کو بند کرسکتے اور نہ اس کی اصل پوزیشن تبدیل کرسکتے ہیں۔

عدالتی فیصلے کو تین دن گزر گئے لیکن پیمرا نے ابھی تک جیو کی نشریات بحال کروانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، ملک کے 90 فیصد سے زائد علاقوں میں کیبل پر جیو نیٹ ورک کے تمام چینلز تا حال بند ہیں، پیمرا اور حکومت، سپریم کورٹ کے 26 مئی کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں اور شہری اپنے پسندیدہ چینلز دیکھنے سے محروم ہیں جن میں جیو نیوز، جیو ٹی وی، جیو تیز، جیو کہانی اور جیو سوپر شامل ہیں۔