قلمی قوالوں اور میر منشیوں کے نام

Dr. Tahir ul Qadri

Dr. Tahir ul Qadri

گزشتہ دنوں اپنے اُستاذی المکرم حافظ شفیق الرحمن جن کو شیخ الاسلام نے لسان العصر کا خطاب دیا ہے کو اپنی تازہ ترین تصنیفات غو ث الوریٰ اور”ماواں، ٹھنڈیاں چھاواں ”پیش کر نے گیا تو دورانِ گفتگو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرا لقادری کا ”ذکر چھڑ گیا اُن کی انگڑائی کا ”کہ جب بھی طاہر القادری اپنی ”کچھار ”سے شیر کی طرح نکل کر غریب عوام کو شعور دلانے کی انگڑائی لیتے ہیں تو”دیہاڑی دار ” اور شریفین والبریفین ”کے نمک خوار حقِ نمک ادا کرتے ہوئے ”شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ”نظر آتے دکھا ئی دیتے ہیں کیونکہ اِن ٹَٹ پونجوں کو معلوم ہے کہ اگر طاہر القادری نے انگڑائی لی تو امریکہ کے وفادار اور کوٹھے پر بیٹھی جنسی طوائف کی طرح یہ ”قلمی طوائف ”بھی جو ایڈ ہاک بنیادوں پر الفاظ کی حرمت کا ”اتوار بازار ” سجاتے ہیں اپنی دیہاڑی کھری کرنے کی لت سے محروم و جائیں گے کیونکہ انقلابِ زمانہ میں ایسے ”قلمی قوال ” صفت لوگوں کو چوک چوراہے میں اُلٹا لٹکا کر حرام کمائی سے پلی اُن کی کھال ایسے اُتاریں گے جیسے اناڑی قصائی عید قرباں کے موقع پر بکرے کی اُتارتا ہے، حافظ صاحب نے بھی میری باتوں کی تائید کی اور کہنے لگے کہ بینائی سے یکسر محروم اور روشنی سے ڈرنے والی چمگادڑیں معترض ہیں کہ سورج کا چہرہ اتنا تا باں، درخشاں، رخشاں، فروزاں اور روشن تر کیوں ہے؟

فارن فنڈڈ این جی اوز کی منحوس اور مکروہ شکل میں بجھی ہوئی راکھ کے بے نور ذروں کی طرح ”سویرے سویرے ”گنتی کے چند کالم نگار بھی جن میں ”شریفین والبریفین ”کی بے تُکی تعریف میں قلم کے ساتھ ساتھ ایڑیاں رگڑنے والے ناروے کی سفارتکاری حاصل کرنے اور اب ادب کے نام پر کروڑوں روپے کی رقم لے کر ” بے ادبی ” کو فروغ دینے والے اور جاتی عُمرہ کی یاترہ کرنے والے بغیر ہاتھ منہ دھوئے چمکتے دمکتے ستاروں پر تنقید کر رہے ہیں، مین ہو لوں پر گندے نالوں میں بو دینے والی گلی سڑی گار مشک اذفر کی عنبر افشانی پر حرف گیری کا شکار رہی ہے، کالے بھجنگ کوے مور کے پروں کی چمن آرائی و دلکش رعنائی و زیبائی پر زبانِ طعن دراز کر رہے ہیں گندگی کے متعفن ڈھیر پر پڑی خشک ٹہنیاں، صندل کی ڈالی پرطنز کر رہی ہیں اونے پونے داموں پر بِکنے والے بونے ا س وطن عزیز کو ویران جزیرہ بنانے پر تُلے ہوئے ہیں چاند کی طرف منہ کر کے تھوکنے والے چاند کے حُسن کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے اور ”خدمت انسانیت ” کے نام نہاد چیمپیئن کی طرح یہ دیہاڑی دار ”کالم نگار ”بھی جنہوں نے اپنے مکر وہ زدہ اور منحوس چہروں پر نہ جانے کتنے چہرے سجا رکھے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان پھلے پھولے، ترقی کرے، خوشحال ہو اور یہاں پر اسلامی نظریات کی ترویج ہو وہ اپنے مکروہ اور بھیانک عزائم کے ساتھ وطن عزیز کے پسماندہ علاقوں اور جہالت کے جزیروں میں اپنے غلیظ و کثافت سے لبریز منصوبوں کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے طرح طرح کے کھیل، کھیل رہے ہیں مگر ایک بات یاد رہے کہ درویش منش انسان واصف علی واصف نے کہا تھا کہ پاکستان نور ہے اور نور کو زوال نہیں ہے۔

Pakistan

Pakistan

سر زمین پاکستان کے لیے نیت نیتی کے ساتھ جدوجہد کرنے والے بھی ہمیشہ معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہی رہیں گے پنجاب میں دلِ مومن کی طرح کشادہ میدان ہیں تو خیبر پختونخواہ میں مردِ مجاہد کے سینے کی طرح مضبوط چٹانیں، ایک طرف تاحدِ نگا ہ پھیلے ہوئے جنگلات کا سلسلہ ہے تو دوسری طرف بلوچستان کی سنگلاخ دھرتی ہے جس کی شریا نوں میں معد نیاتی خزانے خون کی طرح گردش کر رہے ہیں، میلوں پر پھیلا ہوا سا حل، بل کھاتی ندیاں، لہراتے دریا، آسمان کے رُخساروں پر بوسوں کی مُہریں ثبت کرتی پہاڑوں کی چو ٹیاں، گنگناتے چشمے، لہلہاتے کھیت، کھلکھلاتے باغات، مسکراتے جنگلات، مہکتی ہوائیں، چہکتی فضائیں، اِٹھلاتی گھٹائیں، رنگ بر ساتی وادیاں، پر بتوں کی شہزادیاں، غرضیکہ دنیا کا وہ کونسا حسین منظر ہے جو اس سوہنی دھرتی کے دامن میں موجود نہیں، مگر سیاست کے بے ضمیروں اور صحافت کے بے توقیروں نے اپنی غلیظ اور ” جس کا کھائیں اُسی کے گیت گائیں ” سوچ سے معاشرے کو متعفن کر دیا ہے۔

صاحبو !جب ہمارے کالم نگار وطن کی زمین کی حُرمت اور رزق حلال کی بجائے دوسروں کے چبائے ہوئے لقموں پر جُگا لی کرنے کے عادی ہو جائیں، بلندیوں کے آکاش پر آشیاں بندی کرنے والے ”خود نمائی ” اور ”جی حضوری ”کی دلدل میں پھنس جائیں اپنی فکر کو رعنائی کے لیے نہیں بلکہ ”خود رو نمائی ”کے لیے استعمال کرنے لگیں بڑبولے سیاستدان سیاست کو عبادت کا جُبہ پہنانے کی بجائے اَمارت کا چُغہ پہنادیں، منصف انصاف کے ترازو میں توازن پیدا کرنے کی بجائے ”لچک ”کے بہانے تراشیں، سماجی لوگ فارن فنڈڈ، فارن پیڈ و فارن میڈ این جی اوز کے پلیٹ فارم پر عوام میں فلاح و بہبود اور حرکت کا جذبہ پیدا کرنے کی بجائے ہنود و یہود کی سوچ اور جمود کو عام کریں مورخین آئندہ نسل کو حالات کی صحیح تصویر پیش کرنے کی بجائے دربار اور سرکار کی تا بعداری میں تاریخ مرتب کرنے کے لیے اپنی ساری توانائیاں کھپادیں، دانشور اپنی دانش کے گلزار نچھاور کرنے کی بجائے نفرت کے خار برسانا شروع کر دیں، علماء دھند میں لِپٹے ماحول کو اپنی خوش الحانی سے صاف کرنے کی بجائے شعلہ بیانی سے دھند کو مذید گہرا کر دیں، گدی نشین اپنی نگاہوں کی تاثیر سے ہزاروں سائلین کی تقدیر بدلنے کی بجائے جب اپنی نگاہیں ”مرید” کے نذرانوں اور تحائف پر مرکوز کر دیں تو ایسے ماحول کو نکھارنے اور سنوارنے کے لیے ہمہ جہت انقلاب کی ضرورت ہوتی ہے مگر گھنٹی کون باندھے؟

ایسے گھمبیر حالات میں قوم کسی ایسے مسیحا کی تلاش میں ہوتی ہے جو اِن کے رِستے زخموں پر مرحم رکھ سکے حافظ شفیق الرحمن سے دوران گفتگو کہا کہ یاد رہے ہم نہ تو کسی کے مخالف اور نہ ہی کسی کے حاشیہ بردار، اُٹھائی گیراور خوشہ چیں، ہم دراصل اُس سوچ اور ذہنیت کے طرفدار ہو تے ہیں جو ملک و قوم کے لیے مخلصانہ جذبوں سے لیس ہو کر سوچتی ہے اور ہر اُس فکر اور نظریہ کی مخالفت کرنا اپنا فرضِ منصبی سمجھتے ہیں جو غلام ذہنیت کی پیداوار ہوتے ہیں اور غیروں کے اشاروں پر خود بھی ناچتے ہیں اور قوم کو بھی نچانے کی سعی لا حاصل کرتے رہتے ہیں ہم افراد کے نہیں بلکہ افراد کے ذہنوں میں پرورش پانے والی غلیظ اور تعفن زدہ سوچ کے مخالف ہیں کیو نکہ ہماری دینی تعلیمات ہمیں گناہگار سے نہیں بلکہ گناہ سے نفرت کا درس دیتی ہیں اور ایثار پیشہ وہ نہیں جو لفافہ ازم کا شکار ہوکر اپنی قلمی عصمت کو داغدار کریں اور اپنے الفاظ کو ایک طوائف کی طرح ”قلمی کوٹھے” کی زینت بنائیں جینوئن اہلِ صحافت آئینے کی حیثیت سے گلی کی نکڑ اور چوک چوراہے پر جو کچھ ہو رہا ہوتا ہے وہ قوم کو دکھانے کی کوشش کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے جس کا ہمارے حکمران بُرا منا جاتے ہیں۔

ایثار پیشہ اہلِ صحافت نے ”بی بی” ہویا ”بابو” پرویزِ صغیر” ہویا”پرویزِ کبیر” ”میاں” ہویا ”بیوی” اِن اہلِ صحافت کی نگرانی میں شائع ہونے والے گروپ آف نیوز پیپرز کے صفحات گواہ ہیں کہ انہوں نے ہر دور حکومت میں حق گوئی کا پرچم بلند کیے رکھا ہے اور اِس راست بازی کے پرچم کو کبھی بھی کسی بھی لمحے ذرا بھر کے لیے بھی سر نگوں نہیں ہو نے دیا، سیاست کے بے ہنگم ایوان کے بازی گروں اور صحافت کے میدان کے بعض شعبدہ بازوں نے اپنی ملک دشمنی پر مبنی ”سیاسی بصیرت” اور بے ربط و کج مج صحافتی ”دانش”کے بل بوتے پر ملک و قوم کی بنیادوں میں گہرا شگاف ڈالنے کی بھر پور کوشش کی ہے ارباب صحافت کے قلم کی روشناہی جب سیاسی پنڈتوں، مذہبی بر ہمنوں اور فارن فنڈڈ این جی اوز کے خفیہ اور مکروہ گو شوں کو عوام کے سامنے لانے کی بجائے ان کے کار نا موں کو ”خدمت خلق ” اور ”خدمت دین” کا چُغا و چو لا پہناتی ہے تو مو لانا ظفر علی خان، مولانا حسر مو ہانی، مولانا محمد علی جوہر، آغا شورش کاشمیری کی روح ماہی بے آب کی طرح تڑپ اُٹھتی ہو گی وہ قلم جس سے خالق کائنات انسان کو علم سیکھنے کا سلیقہ سکھا رہا ہے۔

Journalism

Journalism

اسی قلم کی تقدیس و حُرمت کے پر خچے اُڑائے جا رہے ہیں اربابِ صحافت نے جب سے قلم کی حُرمت کا ”اتوار بازار” سجایا ہے دانش و حکمت ٹکے ٹوکری ہو گئی ہے لیکن صحافت کے اس ”اتوار بازار” میں ابھی بھی ایسے نگینے باقی ہیں جن کو ماتھے کا جھومر بنانے کو جی کرتا ہے ایسے کالم نگار اور اربابِ صحافت نے ہمیشہ اس گلے سڑے معاشرے میں صندل کا کام دیا ہے اور ان کے قلم سے ہمیشہ وطن کی سا لمیت اور احترام آدمیت کی تحریر ہی رقم ہوتی رہی ہے، دس نمبرے اربابِ صحافت اور احبابِ سیاست نے بریفو کریسی اور لفافہ کریسی کی زنجیر محبت میں گرفتار ہو کر ملک و قوم کی کشتی کو ساحل مُراد تک پہنچانے کی بجائے ہمیشہ بھنور ہی میں ہچکولے کھانے کے لیے پھنسائے رکھاہے سچائی اور حقیقت کو اس قدر لفافوں میں بند کرنے کا میں قطعاً قائل نہیں کہ سچائی کادم ہی گھٹ جائے لیکن ہمارے ہی قلم قبیلے کے بعض قلم کار قلمی قوال اور میر منشی ایسے بھی ہیں جو لفافہ لے کر سچ کو سیاہ لفافوں اور حکمرانوں کے سیاہ کر توتوں کو سات پردوں میں چھپانے کی کو شش کرتے ہیں ان کی بھی مجبوری ہے کیونکہ اسی طرز عمل سے ان کی روٹی روزی جڑی ہوئی ہے جس طرح صحافت میں چند گنے چنے پھنے خانوں کی اجارہ داری ہے۔

اور صحافت کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں بالکل اسی طرح سیاست پر بھی اپنی اجارہ داری کا دعویٰ کرنے والے سیاسی پنڈتوں، کا قبضہ ہے 1948ء سے 2013ء کے اخیر تک پھیلی اس درد ناک کہانی میں چند گنے چنے خاندان ہی ہیں جنہوں نے باری باری غریب اور مجبور عوام کی قسمت کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی ہے کئی خون میں لتھڑے فسانے ہیں کئی نشے میں بد مست کردار ہیں تو کئی انا کے مارے نا خدا، مگر سمجھے سب خود کو خدا ہی تھے اور ہیں بقول انقلابی شاعر

تم سے پہلے بھی جو اک شخص یہاں تخت نشین تھ
اس کو بھی اپنے خدا ہو نے کا اتنا ہی یقین تھا

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت پر بونے تھرڈلے اور زمینی حقائق سے ناواقف قالم نگار نگلیاں اُٹھا رہے ہیں جن کو صحیح معنوں میں قلم پکڑنا بھی نہیں آتا، لکیر کے فقیر نظر آتے ہیں آج نقشِ خیال قوم کے سامنے لارہا ہوں کہ کون کون سا قالم نگار سویرے سویرے کس کے دستر خواں سے چچوری ہڈیاں چوستا ہے، ہمارے ہی شہر کے ایک جمہوریت پسند اور انقلابی ذہن رکھنے والے شاعر جناب عقیل احمد رشید نے بہت خوبصورت بات کی ہے۔

ہے کام دلوں کی ترجمانی کرنا
ہو ظلم جہاں بیاں کہانی کرنا
ایوانِ یزیدیت میں حق کہتا ہوں
ظلمات کی ختم حکمرانی کرنا

کیونکہ ہم نے ہمیشہ صدائے حق بلند کی ہے اور ہمارے دامن میں یہی ایک سو غات ہے جو ہمیں دوسروں سے جُدا کرتی ہے بقول شاعر

ہاتھوں میں مرے قلم ہے کشکول نہیں
انسان ہے انمول کوئی مول نہیں
دن رات ہے حُرمت قلم پیشِ نظر
ہوں حق گو نگارش میں کہیں جھول نہیں

ایک اور جگہ لکھتاہے اور یقیناََ ایسے صحافت کی نمائندگی کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ قلم کی حُرمت کو پیش نظر رکھا ہے اور اپنے دامن کو دیہاڑی کی صحافت سے آلودہ نہیں ہو نے دیا اور حقیقی معنوں میں سوسائٹی میں شعوری کلچر کو عام کیا ہمارے ملک میں دیہاڑی کلچر عام ہے ایسے نام نہاد لوگوں کو بھی دیکھا ہے جو گلے میں کسی ڈمی اخبار کا کارڈ لٹکائے سارا دن دفتروں میں دیہاڑی کے چکر میں خجل خوار و ذلت کی تصویر بنے آوارہ اور بھکاری لوگوں کی طرح پھرتے رہتے ہیں رباعی ملاحظہ کیجئے۔

معاشرے کو صحافی شعور دیتے ہیں
چراغ ِ طور جلاتے ہیں نور دیتے ہیں
نئی سحر کا وطن کو ظہور دیتے ہیں
سُنا کے پیار کے نغمے سرور دیتے ہیں

Laa Illaha il Mohammad Rasool

Laa Illaha il Mohammad Rasool

ہمارے معاشرے کے جو حالات ہیں درج ذیل ایک اور نظم پڑھ کر سب کچھ آشکار ہو جائے گا کہ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کے آفاقی اور کائناتی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود مملکت میں جاگیر دار، سرمایہ دار، زردار اور زور دار کے پالتو کُتوں اور گھوڑوں کو تو رہنے کے لیے گرم مخملیں بیڈ اور کھانے کے لیے سیبوں کے مُربے نصیب ہو رہے ہیں مگر دوسری طرف اُسی جاگیر دار کے ووٹرز کا بچہ دودھ کے چند قطروں کو ترس رہا ہے نظم ملاحظہ کیجئے۔

بھوک افلاس کے عفریتوں کو
دیکھتے ہیں اور ڈر جاتے ہیں
کتنے قاسم ، کتنے ٹیپو
بچپن ہی میں مر جاتے ہیں
ماں کی جھولی خالی کر کے
قبروں کے منہ بھر جاتے ہیں
فاقوں کی اِک نائو بنا کر
دریا پار اُتر جاتے ہیں
یہاں کُتوں کو ملتا ہے سب کچھ
بچے بھوک سے مر جاتے ہیں

Minhaj University

Minhaj University

صاحبزادہ خورشید احمد گیلانی رحمة اللہ علیہ نے ایک موقع پر منہاج یونیورسٹی میں بطور مہمانِ خصوصی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ہمارے ہاں سوچ کے دو دھا رے چل رہے ہیں، ایک سوچ یہ ہے کہ شریف لوگوں کا سیاست سے کیا کام اور واسطہ ؟ اور دوسری سوچ یہ ہے کہ شریف لوگ خود آگے بڑھ کر سیاست میں کردار ادا کیوں نہیں کرتے تاکہ معاشرہ سیاسی گند سے پاک ہوسکے بادی النظر میں دونوں باتوں میں وزن ہے کیونکہ موجودہ سیاسی کلچر میں ایسی کون سی خوبی ہے کہ شریف آدمی اس سے ربط وضبط پیدا کرے اور ہماری سیاست کا چلن ہی ایسا ہے کہ صالح عناصر اس کے ساتھ چل ہی نہیں سکتے اور ساتھ ہی یہ خواہش اور مطالبہ بھی بہر حال جا ئز ہے کہ شرفاء عمر بھر کڑھنے کے بجائے خود سیاست میںفعال کردار ادا کریں گے اگر وہ خود اس میدان میں نہیں اُتریں گے تو ظاہر ہے اس پر شورہ پشت چھائے رہیں گے ہما رے خیال میں یہ دو نوں با تیں درست ہونے کے باوجود ان پر عمل کرنا بہت تکلیف دہ اور مشکل امر ہے جب تک قوم کے اجتماعی مزاج اور اس کی مجموعی سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اس وقت تک شریف لوگ کھُڈے لائن لگے رہیں گے اور جو افراد جی کڑا کرکے سیاست میں واردہوں گے ان کے دامن میں سوائے محرومیوں اور مایوسیوں کے اور کچھ نہیں ہوگا علامہ اقبال نے کہا تھا۔

قہاری و غفاری و قدوسی و جبروت
یہ چار عناصر ہوں تو بنتا ہے مسلمان

اور اس کے مقابلے میں سیاستدان بننے کے لیے بھی چار عناصر درکار ہیں نمبر 1 ۔برادری نمبر 2 ۔دولت نمبر 3 ۔غنڈہ گردی نمبر 4 ۔ہوس اقتدار ہر شخص ٹھنڈے دل اور کھلی آنکھوں سے سوچے اور دیکھے کہ جب ان عناصر کا مرکب ہی کامیاب سیاستدان (اچھا سیاستدان نہیں ) بن سکتا ہے تو پہلے ہی مرحلے میں شریف آدمی کا پتہ کٹ جاتا ہے اگر وہ بہت ہی نیک جذبوں اور خدمت قوم کے ولولوں کے ساتھ سیاست میں قدم رکھنا بھی چاہے تو پہلی ہی گیند میں کلین بولڈ ہو جائے گا تو اس رسوائی سے بہتر نہیں کہ اکھاڑے میں اترے ہی نہیں، یہ طعنہ اپنی جگہ کہ جب اچھے لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے تو بڑوں سے نجات کیسے ملے گی؟ لیکن اس کا کیا جواب ہے کہ جو شرفاء سیاست میں ہیں ان کی کون سی آبرو ہے؟ کہ باقی ماندہ صالح افراد بھی پگڑی ہاتھ میں لیکر اس کوچے سے گزریں، اچھے افراد کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کی کوئی برادری نہیں ہو تی اور اگر ہو بھی تو اسے اپنے ساتھ ملا کر نہیں رکھ سکتے کیونکہ برادری والوں کے تقاضے پورے کرنا کسی شریف آدمی کے لیے ممکن نہیں اس لیے کہ برادری سسٹم میں چور اور سعد نہیں دیکھا جا تا حق نا حق کا امتیاز نہیں برتا جاتا، جائزنا جائز کا فرق نہیں کیا جاتا، ظالم اور مظلوم کو الگ الگ خانوں میں نہیں رکھا جاتا، برادری میں دھرم کا نہیں دھڑے کا ساتھ دیا جاتا ہے۔

Allah

Allah

خدا اگر اپنے لاریب کلام، رسول اللہ ۖ اپنی پاک حدیث اور امام اپنی فقہ کے ساتھ ایک طرف ہوں مگر برادری کا فیصلہ اس سے مختلف ہو تو برداری کو مقدم رکھنا پڑتا ہے ورنہ آپ کے ہاتھ میں نری حق پروری آئے گی برادری چھوٹ جائے گی اور یہی معاملہ دولت کا ہے دولت کی اپنی نفسیات ہے اور شرافت کی اپنی نفسیات! معدودے چندافراد کو چھوڑ کر ہمارے ہاں کے ارباب زر و جاگیر کا شجرہ نسب کسے معلوم نہیں اور ان کے ہاں دولت کہاں سے آئی ہے اس کا ذریعہ کس سے ڈھکا چھپا ہے؟ ایک شخص اپنے ضمیر اور ملی مفاد کو گروی رکھ کر دولت سمیٹتا ہے بلاشبہ وہ دولت مند تو ہو جائے گا مگر شریف نہیں رہے گا انگریز کے بوٹ چاٹنے سے بندہ درہم و دینار تو پالے گا لیکن اپنی عزت گنوا بیٹھے گا افسروں سے ملی بھگت کر کے کسی کی زمین پر قبضہ کر لینا، بیوہ سے چھت چھین لینا، کسی کی مجبوری کو خرید لینا اور خونی رشتوں کو خون میں نہلا دینا بے شک دولت کے حصول کا کامیاب طریقہ ہے مگر یہ شریفانہ بود و باش بھی ہے؟

اس کا جواب نفی میں ہے اب بتایا جائے کہ شریف آدمی دولت کیسے کمائے اور دولت کے ذریعے کامیاب سیاستدان کیسے کہلائے ؟رہ گئی غنڈہ گردی تو ظاہر ہے ایک انسان یا شریف ہو تا ہے یا غنڈہ !شرافت اور غنڈہ گردی کا حسین امتزج ابھی کوئی بھی مفکر نہیں ڈھونڈھ سکا سیاست میں آ نے کے لیے چوتھا عنصر ہوس اقتدار ہے اور وہی لوگ سیاست کی اگلی صف میں نظر آتے ہیں جنہیں اقتدار کی ہوس پچھلی صفوں میں بیٹھنے نہیں دیتی اگلی صف میں بیٹھنے کے شوق میں وہ وفا داریاں بدلتے ہیں حکمرانوں کے لیے قصیدے گھڑتے ہیں دن کی روشنی میں پیمان باندھتے اور رات کی تاریکی میں اپنا عہد توڑتے ہیں کسی کے پائوں پکڑ کر اور کسی کی پگڑی اُچھال کر اسی کوشش میں رہتے ہیں کہ اگلی صف میں جگہ پائیں عام لوگوں کی یہ خواہش کہ شریف آدمی کو سیاست کے جھمیلوں میں نہیں پڑنا چاہیے کسی حد تک نیک خواہش ہے کیونکہ شریف انسان کے لیے بہر حال لو گوں کے جذ بات ہوتے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ شریف آدمی اپنا سر مایہ عزت با زار ِ سیاست میں لٹا دے لیکن دوسری طرف یہ سوچ فالج زدہ بھی ہے کہ عام لوگوں نے یہ ذہنی سمجھوتہ کر لیا ہے سیاست بس تھانے کچہری کا نام ہے چونکہ شریف آدمی یہ فن نہیں جانتا اس لیے اس کو سیاست سے دور رہنا چا ہیے عہد حاضر کی دم بریدہ سیاست کے ساتھ یہ سمجھوتہ بہت برا دھوکہ ہے ہما رے عوام یہ تو دیکھتے ہیں کہ ان کے سیاسی نمائندے ان کے لیے تھا نے کچہری جاتے ہیں اور ان کا بندہ چھڑا لاتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچتے کہ ان کا آدمی حوالات اور جیل میں پہنچا کیسے تھا؟ یہی چھڑانے والے ہی اسے وہاں پہنچانے والے تھے یہ ڈبل گیم نہ ہو تو ایسے لوگوں کو سیاستدان کون مانے گا؟ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ شریف لوگ سیاست میں آئیں تاکہ سیاسی کچرا صاف ہو ان کی نیت بھی اچھی ہے لیکن کوئی انہیں آنے دے تو سیاست میں آئیں وہ افراد جن کی امانت، دیانت، اہلیت اور صداقت پر اہل وطن نچھاور ہوتے ہیں۔

جونہی ان میں سے کوئی سیاست میں قدم رکھتا ہے اس کا ڈھول پٹ جاتا ہے اور وہ دور کی کوڑی لائی جاتی ہیں کہ جو باتیں کراماََ کاتبین اپنے دفتر میں نہیں لکھ پاتے وہ دنیا کے منکر نکیر اپنے ذہنوں میںنقشِ خیال گھڑ کے سویرے سویرے اخبارات میں لے آتے ہیں اِن قلمی قوالوں کے تبصرے اور تجزیے پڑھ کر اب تو لگتا یہی ہے کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ڈاکٹر طاہر القادری ہیں گویا ہمارے معاشرے نے طے کر رکھا ہے کہ دائرہ سیاست سے جو چاہے اپنی صلاحیت، اہلیت اور قابلیت کا لوہا ہم سے منوالے اور اپنی صداقت اور لیاقت کا ہم سے کلمہ پڑھوالے لیکن وہ سیاست میں آیا ہے اسے اپنا شجرہ نسب سننا پڑے گا گو یا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں ہم شریف، شائستہ، ایماندار، صاحب کردار اور امین و عادل شخص کو پسند کرتے ہیں مگر سیاست میں خائن اور بد کردار ہی ہمیں سوٹ کرتے ہیں ڈاکٹر طاہر القادری کی مخالفت وہی لوگ کر رہے ہیں جو بد دیانت اور خائن ہیں اگرعرفان صدیقی، عطاء الحق قاسمی، سلیم صافی، ہارون الرشید اور نذیر ناجی ٹائپ میرمنشیوں کو ایک منٹ بھی ڈبن پورہ میں رات بسر کرنا پڑے تو چینی، آٹے کا بھائو معلوم ہو جائے گا کہ کس طرح مچھر رات کو ساکنین ڈبن پورہ کا سواگت اور عزت افزائی کرتے ہیں ملک کے چندپوش ایریاز کے علاوہ زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ان علاقوں میں اگر آپ کو کچھ راتیں اور دن گزارنا پڑ جائیں تو آپ نون لیگ کے قصیدے بھول جائیں گے اور سارا دن اپنے جسم کو خارش کرتے گزار دیں گے ملک کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر، بہتی نالیاں، دھوواں چھوڑتی گاڑیاں اور کانوں کے پردے پھاڑتا بے ہنگم ٹریفک کا شور اِنہی خائن حکومتوں کا شاخسانہ ہے۔

Nouman Qadir

Nouman Qadir

تحریر !نعمان قادر
ا03314403420