لاہور : پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کے زیر اہتمام الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ایک میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیا گیاکانفرنس کا آغاز صدر پی ایف سی سی احتشام جمیل شامی نے پی ایف سی سی کے تعارف سے کیا کانفرنس کا موضوع “پاکستان میں سیاسی اور مذہبی عدم برداشت کو کس طرح ختم کیا جاسکتا ہے؟”تھا جس پر پاکستان بھر سے آئے کالم نویسوں اور لکھاریوں نے اظہار خیال کیا۔
کانفرنس سے وطن عزیز کے نامور ادیب ، شاعر و کالم نگارامجد اسلام امجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعتدال پسندی اور میانہ روی ہی معاشرے میں برداشت اور محبت کی فضاء قائم کر سکتی ہے نامور اینکر پرسن اور کالم نگار وجاہت مسعود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہقلم کے ذریعے معاشرتی رویوں کو سدھارنے کی اشد ضرورت ہے اگر ہم برابری کی بات کرتے ہیں تو ہر چیز میں برابری ہونی چاہئے۔
100لفظی کہانی کے بانی و سینئر صحافی مبشر علی زیدی نے کہا کہ قلم سے انقلاب بپا کئے جاسکتے ہیں تو سیاسی و مذہبی توازن کیوں قائم نہیں کیا جا سکتا دلوں میں گنجائش پیدا کرنے اور وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
پی ایف سی سی کے چیئرمین سید قیصر محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قلم کی طاقت ایک مسلمہ حقیقت ہے جس کو کوئی نہیں جھٹلا سکتا پس ضروت اس طاقت کو سمجھنے کی ہے اگر مناسب طریقے سے رہنمائی کی جائے تو لکھنے والے سیاسی اور مذہبی عدم برداشت کو ختم کرنے میں اپناکردار ادا کر سکتے ہیں ۔ڈاکٹر اطہر خرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قلم کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ضرورت اس امر کی ہیکہ نئے لکھنے والوں کی رہنمائی کی جائے اور ان پر تنقید کرنے کے بجائے اصلاح کی جائے۔
دنیا نیوز کے کالم نگار امیر حمزہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کرنا ہوگا ہر ادارہ اپنے اندر کالی بھیڑوں کو نکالے، آج کل اینکر پرسن وہی پاپولر ہوتا ہے جو جو دوسروں کو لڑاتا ہے اسی کا چینل اور ریٹنگ بڑھتی ہے اس کی بھی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے اسی طرح علماء کی بھی ذمہ داری ہے اعتدال کو فروغ دیں فرقوں فتوئوں سے باہر آئیں ۔ جبکہ عامر خاکوانی، مولانا راغب نعیمی ، ڈاکڑ اطہر خرم،ڈاکڑ عارفہ صبح،پروفیسر رئیس فاطمہ،حمیرا اطہر،عقیل عباس جعفری،عارف خٹک،منصور مانی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض سینئر صحافی وکالم نگار مزمل احمد فیروزی کے ہمراہ زاہد رضا اور عرشی زیدی نے انجام دئے۔
تقریب میں برائے سال 2016 بہترین کالم نگاری پر ایورڈ بھی دئے گئے بہترین کالم نگاری پر ایورڈ حاصل کرنے والوں میںسندھ سے یعقوب غزنوی، زاہد رضا،پروفیسر رئیس فاطمہ ،پنجاب سے ندیم نظر،راجہ منصور اصغر،اعجاز احمد لودھی خیبر پختون خواہ سے مسرت اللہ جان، راشد علی ،خالد خان،بلال عالم۔ بلوچستان سے نقیب تران،شبیر رکشانی،حافظ شیرانی۔ گلگت بلتستان سے فہیم اختر،عامر جان حقانی اور اسرار الدین شامل ہیں۔ کانفرنس میں اس بات پر ذور دیا گیا کہ اعتدال پسندی اور میانی روی ہی معاشرے میں برادشت اور محبت کی فضا قائم کر سکتی ہے اور قلم کے ساتھ مثبت بدلائو پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔