پینٹنگولر کپ میں خیبرپختونخوا فائٹرز نے میدان مار لیا، جنید کے 5 شکار

Khyber Pakhtunkhwa Fighters

Khyber Pakhtunkhwa Fighters

کراچی (جیوڈیسک) پینٹنگولر کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا فائٹرز نے بلوچستان واریئرز کو 6 وکٹ سے شکست دیکر ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔ خیبر پختونخوا فائٹرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور واریئرز 47 اوورز میں 238 رنز تک محدود رکھا۔

واریئرز کے اوپنرز اظہر علی اور بسم اللہ خان کی شراکت 30 رنز تک چلی، اس میں اظہر کا حصہ 21رنز رہا، انھیں محمد سمیع نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین واپس چلتا کردیا۔ 46 کے ٹوٹل پر دوسرے افتتاحی کھلاڑی بسم اللہ خان بھی 12 رنز پر جنید خان کی گیند پر عادل امین کے ہاتھوں جکڑے گئے، صہیب مقصود 1 اور عثمان صلاح الدین 6 کا وکٹ پر قیام انتہائی مختصر رہا، سمیع اسلم نے ایاز تصور کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 64 رنز کی ساجھے داری بناکر ٹیم کو سنبھالا دیا، ایاز 24 کے انفرادی اسکور پر ظفرگوہر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے

اس کے بعد واریئرز کی 3 وکٹیں جلد گرگئیں، رضوان حیدر 1، کاشف بھٹی 8 اور ذوالفقار بابر 5 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سمیع اسلم نے نویں وکٹ کیلیے احسان عادل کے ساتھ 56 رنز کی ساجھے داری بنائی، سمیع نے 123 گیندوں پر 119 رنز بنائے، پیسر جنید خان نے 45 رنز کے عوض 5 مہرے کھسکائے۔ خیبر پختونخوا نے ہدف 47 اوورز میں 4 وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، عادل امین نے 58 کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی، فتح گر ناقابل شکست سنچری اننگز کھیلنے والے محمد رضوان اور عدنان رئیس نے چوتھی وکٹ کیلیے 92 رنز کی شراکت بناکر حریف بولرز کے تمام حربوں کو ناکام بنا دیا۔

عدنان 36 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ رضوان 103 پر ناٹ آئوٹ رہے، انھوں نے 87 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے بھی جڑے، زوہیب خان 3 پر ناٹ آؤٹ رہے۔تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے انعامات تقسیم کیے، فاتح ٹیم کے کپتان جنید خان کو وننگ ٹرافی اور 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی، واریئرز کے قائد اظہر علی نے رنر اپ ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ کا چیک وصول کیا۔