واپڈا میں نجی سی ای اوقبول نہیں، لطیف نظامانی

Sukkur

Sukkur

سکھر (جیوڈیسک) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین نے حکومت سے کہا ہے کہ اگر وہ واپڈا کی کمپنیوں میں پرائیوٹ سی ای او مقررکر نے کے عمل سے باز نہ آئی اور اس نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ہم پورے ملک کی بجلی بند کردیں گے اور پھر دمادم مست قلندر ہو گا۔

یہ بات سکھر پریس کلب میں پا کستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے مرکزی چیئرمین عبد اللطیف نظامانی نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔ انہوں نے کمپنیوں میں پرائیوٹ سی ای او کی تقرری کے خلاف بیس نومبر کو کام چھوڑ ہڑتال کرکے احتجاجی ریلیاں نکالنے اور دھرنے دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ نجکاری محنت کشوں کے لیے نقصان دہ ہے

اس کا براہ راست اثر صارفین پر پڑے گا اور ملکی معیشت بھی متاثر ہوگی، واپڈا اور اس کی کمپنیوں کی پرائیوٹائزیشن سے بجلی مزید مہنگی ہوگی، حکومت نجکاری کے ذریعے اپنے من پسند افراد کو نوازنا چاہتی ہے مگر ہم اس کی ہر سطح پر مخالفت کریں گے۔