لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زببر حفیظ نے کہا ہے کہ قوم کے بچوں کے ہاتھوں میں اوزاروں کی بجائے قلم تھمایا جائے، بچے خراب معاشی حالات کی وجہ سے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ، تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، حکومت کا فرض ہے کہ مزدوری کرنے والے معصوم ہاتھوں کو بھی زیور تعلیم سے آراستہ کرے۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے بچوں کے خاندانوں کو ماہانہ بنیادوں پر وظائف دیئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ذمہ داران کے اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں ایک کروڑ دو لاکھ بچے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں جن میں سے ساٹھ لاکھ بچوں عمریں دس سال سے کم ہیں۔آئینہ کے مطابق بچوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بچوں کی تعلیم ضروری قرار دینے کے قانون پر عملد رآمد کروایا جائے۔
کیوںکہ آئین پاکستان اور بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کے لئے لازمی قرار دیا گیا۔زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دیں تاکہ وہ سود مند شہری ثابت ہوں ، فنی اور پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کو فروغ دے کر مفید اور ہنر مند نوجوان تیار کئے جائیں۔
نوجوانوں کی سرگرمیوں کو ملک کے مفاد اور قوم کی بقاء کے لئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔جدید علوم کا مطالعہ موجودہ دور میں ناگزیر ہے ، ٹیکنالوجی اور سائنس کے میدان میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں صرف کرکے ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہئے۔