کراچی : چیئرمین بلدیہ عالیہ وسطی ریحان ہاشمی کہا ہے کہ ” صحت سب سے پہلے” کے اصول پرعمل کرتے ہوئے وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو صاف ستھراء اور صحت مند ماحول مہیا کرنے کے لئے ہمہ وقت میدان عمل میں ہیں۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ وسطی میڈیکل ڈپاٹ کی جانب سے ہیڈ آفس لیاقت آباد میں افسران و عملے کاطبی معائنے کے لئے فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وائس چیئرمین سید شاکر علی ،میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو ،ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر حامد مصطفی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت انسان کی زندگی میں سب سے زیادہ اہم ہے جس طرح ہر انسان کا صحت مند رہنا ضروری ہے اسی طرح عوام کی خدمت پر مامور افسران و کارکنان کا صحت مند رہنا بھی نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے بلدیہ وسطی اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروکار لا رہے ہیں۔
ریحان ہاشمی نے کہا کہ اس قسم کے میڈیکل کیمپ بلدیہ وسطی کے ہر زون میں تسلسل کے ساتھ لگائے جائیں گے تاکہ بلدیہ وسطی کے تمام افسران وملازمین کوالیفائیڈ ڈاکٹرز اور بہترین لیباٹریز کی مفت سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں اور کسی بھی مرض کی تشخیض کے بعد فوری علاج کو ممکن بنایا جاسکے۔
ریحان ہاشمی نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے بلدیہ وسطی کے محکمہ طب کو خراج تحسین پیش کیا ۔ واضح رہے کہ میڈیکل کیمپ میں بلدیہ وسطی میں تعینات کوالیفائڈ ڈاکٹرز پیرا میڈیکل اسٹاف نے ملازمین کا طبی معائنہ کیا ڈاکٹرز نے افسران و ملازمین کی تشخیض کے بعد مفت میڈیسن اور صحت کے متعلق مفید مشورے بھی فراہم کئے جب کہ مفت میڈیکل کیمپ میں پرائیویٹ لیبارٹری کے نمائندوں نے بھی اپنے اسٹال لگا رکھے تھے۔
جہاں ملازمین کے لئے مفت ایکسرے ،بلڈ ٹیسٹ ،شوگر ٹیسٹ ،پیشاب ٹیسٹ،کی سہولت مہیا کی گئی تھی بلدیہ وسطی کے ملازمین نے اس اقدام کوخوش آئند قرار دیا اور چیئرمین ریحان ہاشمی کا مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔