گوجرانوالہ: ایم این اے چودھری محمود بشیر ورک نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صحیح معنوں میں عوام اور ملک کی خدمت کرنے میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف عوامی خواہشات کے مطابق ملک بھر میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے راہنما میجر (ر) الطاف چیمہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمود بشیر ورک نے کہا کہ دھرنے والے ملک کی خدمت کرنے کی بجائے عوام کیلئے مشکلات پیدا کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی نعروں سے نہیں ترقیاتی کام کر کے اور عوام کو ریلیف دیکر لائینگے ۔ نیا پاکستان نہیں خوشحال پاکستان بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بے لوث عوامی خدمت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور جمہوریت کے سفر میں غریب عوام کی دیکھ بھال کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
چودھری محمود بشیر ورک کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے بھرپور تگ و دو کر رہی ہے اور جلد ہی بجلی کے بحران پر مکمل طور پر قابو پا لیا جائیگا۔ ملنے والے وفد میں سید طلعت مسعود شاہ، شعیب الطاف چیمہ، شعیب بٹ، طاہر فاروق چیمہ، محمد تنویر اعوان و دیگر بھی شامل تھے۔