اسلام آباد (جیوڈیسک) لوک ورثہ اسلام آباد میں پاک چین سفارتی تعلقات کے پینسٹھ ویں جشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف توانائی کے منصوبوں پر تعاون جاری ہے۔
اقتصادی راہداری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر سون وی ڈونگ کا کہنا تھا کہ ثقافتی میلے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ بعد ازاں عمران خان کی پریس کانفرنس کے جواب میں جاری کردہ بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جھوٹے الزامات سے وزیر اعظم نواز شریف کی مقبولیت ختم نہیں کر سکے الٹا جھوٹے الزامات سے عمران خیبر پختونخوا میں اپنی ہی چھٹی کرا گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آف شور کا شور مچانے والے عمران خود آف شور نکلے، وزیر اعظم عوام کے پاس ترقیاتی منصوبوں کی فہرست لے کر جاتے ہیں، جبکہ عمران عوام کے پاس الزامات کی فہرست لے کر جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی حملوں کا رونا رونے والے عمران نے پاکستان کی ہر باعزت شخصیت کی پگڑی اچھالی ہے لیکن عوامی عدالت نے ہر شہر میں عمران کے الزامات کو مسترد کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران پنجاب میں جلسے کر رہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا “گو عمران گو” کے نعروں سے گونج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے بار بار جھوٹ بولا اور بری طرح ایکسپوز ہوئے۔