کراچی : سابق ٹائون ناظم گلبرگ و امیدوار برائے چیئرمین یوسی 28 گلبرگ، فاروق نعمت اللہ نے کہا ہے کہ عوام 5 دسمبر کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو کامیاب کرا کر اس زمین پر عدل کا نظام قائم کریں گے تو ہی خوشحالی اور سکون میسر ہوسکے گا، کراچی کو امن و خوشحالی کا گہوارہ جماعت اسلامی ہی بنا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمن آباد میں الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی اہلیان کراچی کو یقین دلاتی ہے کہ جب دیانتدار اور خدا کا خوف رکھنے والی قیادت برسر اقتدار آئے گی تو شہر کراچی ہر کوئی اپنے آپ کو محفوظ تصور کرے گا۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد عوامی خدمت اور دیانت دار قیادت کی پہچان سے وابستہ ہے، ہمارے اخلاق، کردار اور دیانت کی گواہی دی جاتی ہے جو کہ ہماری طویل جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت نے ناصرف کراچی بلکہ ملکی سطح پر بھی امانت و دیانت کی مثالیں قائم کی ہیں، ہمارے سابق میئر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں کراچی نے دن دگنی رات چوگنی ترقی کی اور کرپشن کا ایک الزام بھی ان پر نہیں لگا۔
مخالفین بھی ان کی امانت و دیانت کی مثالیں دیتے ہیں۔ فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر قبضوں اور ٹھپوں کا دور چلا گیا، کراچی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، عوام کے حقوق غضب کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے، عوام 5 دسمبر کو کراچی پر ظلم و جبر ڈھانے والوں کو ووٹ کی طاقت کے ذریعے مسترد کرکے احتساب کریں گے۔ 5 دسمبر کو جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر تعمیر و ترقی کے دور کا دوبارہ سے آغاز کریں عوام کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔