لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزاہ پیر شبیر احمد صدیقی نے موجودہ ملکی صورتحال پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کروناوائرس کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات لائق تحسین ہیں، عوام کو اس موذی مرض کے خاتمے حکومت سے مکمل تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ خطرناک بیماری کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان، ڈاکٹرز، پولیس، صحافیوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات تاریخ کے صفحات پر سنہری حروف میں درج ہونگی۔حکومت کی جانب سے اب تک جو بھی اقدامات کئے گئے سب ہماری بھلائی کیلئے کئے گئے ہیں۔
عوام الناس کو حکومتی احکامات پر ہر صورت عمل پیرا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض سے نجات کیلئے ہمیں گھروں میں رہنا ہوگا اور عوام گھروں سے بلاضرورت باہر نہ نکلیں۔اس موذی وباء سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے جس کیلئے احتیاط ضروری ہے۔حکومتی اقدامات کی مکمل تائید وحمایت کرتے ہیں تاکہ وباء پر قابو پایا جاسکے،ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے انہوں نے مزید کہاکہ تنظیم مشائخ عظام پاکستان اورلاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تمام اراکین بھی حکومت کے شابہ بشانہ رضاکارانہ طورپر اپنی خدمات دیں یہ ایک صدقہ جاریہ ہے۔اب یہ وقت ہے کروناوائرس سے نجات کیلئے حکومت کا ساتھ دیا جائے۔ کانفرنس کے اختتام پر کروناوائرس سے بچاؤ اور ملکی سلامتی کیلئے انہوں نے خصوصی دعا بھی کی۔