اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی تکالیف دیکھتے ہوئے اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے سوشل پروٹیکشن ثانیہ نشتر، مشیر خزانہ شوکت ترین اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ماہانہ ہزار روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے، 2 کروڑ گھرانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر ایک ہزار روپے کی رعایت دی جا رہی ہے، رعایت ماہانہ 50 ہزار روپے سے کم آمدنی والے گھرانوں کو دی جائے گی۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ راشن پروگرام رواں ماہ ملک بھر میں شروع کیا جائے گا، پروگرام کے تحت کریانہ اسٹورز کی رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک 15 ہزار سے زائد کریانہ اسٹورز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے، لوگوں کی تکالیف دیکھتے ہوئے اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ غریب گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن تیز کی جائے۔