اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی نے پانچ سال میں عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا۔ قوم گیارہ مئی کو چوروں اور ڈاکوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں۔
اسلام آباد انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن کا کہنا تھا کہ گیارہ مئی کے الیکشن کے ذریعے ملک میں انقلاب کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکبر بگٹی، جامعہ حفصہ کی بچیوں اور آئین پاکستان کے قاتل پرویز مشرف کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
سید منور حسن کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے منشور صرف انتخابی وعدے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق اور حلقہ بندیاں نہ ہونے کیخلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے۔