اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا نے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ عوام ہو جائیں ہوشیار کہ مہنگائی کا نیا طوفان آنے کو ہے تیار۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہے۔
سمری میں پٹرول کی قیمت میں فی لٹر دو روپے، چھیاسٹھ پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخوں میں تین روپے چھیاسٹھ پیسے اضافہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔ اوگرا نے مٹی کا تیل ڈھائی روپے، لائٹ ڈیزل تین روپے اور ہائی اوکٹین دو روپے چھتیس پیسے مہنگا کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ سمری کی منظوری اتوار کے روز دی جائے گی اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔