میانوالی(جیوڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لا الہ الا اللہ کے نام پر قوم کو جمع کریں گے ، اور امریکا کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آج میاں والی کے پانچ علاقوں میں جلسوں سے خطاب کیا۔
پپلاں میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر لسانیت اور قومیت کی سیاست ختم کردیں گے۔ لا الہ الا اللہ کے نام پر پوری قوم کو اکٹھا کریں گے، عوام کو امریکا کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ 5 برسوں کے دوران پنجاب میں امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب رہی۔
قوم تباہ ہوگئی اورشریف خاندان کے تحفظ پر بارہ سو پولیس اہل کار تعینات رہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور سرمایہ کاری نہ ہونے کی بڑی وجہ کرپشن ہے،لیڈر پیسہ چوری کر کے باہر لے جاتے ہیں۔جس قوم کے لیڈر پیسہ چوری کر کے باہر لے جاتے ہیں وہ لیڈر نہیں ہوتے۔
میں نے باہر پیسہ کمایا اور سارا پیسہ پاکستان میں ہے۔تحصیل عیسی خیل میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جو مظلوم کو ظلم سے نجات دلاسکے۔11 مئی کو عوام جہاد سمجھ کر بلے پر مہر لگائیں، تاکہ غاصب حکمرانوں سے نجات مل سکے۔قمر مشانی میں عمران خان نے کہا کہ پرانے لیڈر واپس آئے تو بجلی اور گیس پہلے سے زیادہ مہنگی ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں آخری گیند تک لڑنا آتا ہے۔ گیارہ مئی کو شیر کے تکے بناکر کھائیں گے۔ ہم نے الیکشن کے اس میچ کے لئے 17 سال سے تیاری کر رکھی ہے، انہیں مقابلہ بھی کرنا آتا ہے اور آخری گیند تک لڑنا بھی آتا ہے۔ کالاباغ اور داود خیل میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کا مقابلہ نہ نواز شریف کرسکتے ہیں اور نہ زرداری۔ عوام نے دونوں جماعتوں کے لیڈروں کی شکلیں کئی مرتبہ دیکھی ہیں۔ اگر یہ فلموں میں ہوتے تو ریٹائرڈ ہوچکے ہوتے۔