لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ان کا مشن ہے جسے وہ ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔ ایوان وزیراعلیی لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری اور پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور طبی سہولتوں کی بہتری کے پلان کی اصولی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ان کا مشن ہے جسے وہ ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔ صحت کی سہولتوں میں بہتری کے اقدامات کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں ۔ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کے تحت اہم سروسز کو آئوٹ سورس کیا جائے گا۔
سرجری کے دوران نجی شعبہ سے کارڈیالوجسٹ اور اینتھسیزیا کے ڈاکٹروں کے ہسپتالوں کے وزٹ اور ہسپتالوں میں اینستھی ٹسٹس کی کمی دور کرنے کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دیدی گئی ۔ ہسپتالوں کے میڈیکل آفیسرز کو اینتھسیزیا کا دو سالہ تربیتی کورس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے ہیلتھ کیئر سسٹم اور ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کے پلان کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔