بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کمشنر میرپور ڈویژن و ادارہ ترقیات میرپور کے ڈائریکٹر جنرل راجہ امجد پرویزنے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، کلری نیابت کا قیام وزیر اعظم کا احسن اقدام ہے جس سے 10 حلقہ پٹوار کے عوام مستفید ہوں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلری نیابت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں ڈپٹی کمشنر بھمبرارشد محمودجرال،ایس ایس پی بھمبرچوہدری منیر حسین ، اسسٹنٹ کمشنر راجہ طارق محمودو دیگر آفیسران بھی موجود تھے ، جبکہ علاقہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات راجہ یعقوب خان آف پنجیڑی ،ایس پی ریٹائرڈ راجہ نصراللہ خان ،سابق ممبر ضلع کونسل ڈاکٹر سہراب خان، میجر (ر)راجہ ماجد حسین ،راجہ ظفر اقبال ،ڈاکٹر محمد اسلم ،چوہدری مختار احمد ، چوہدری رمضان ، چوہدری رفیق ،سیکرٹری مرزامشتاق ، سابق ممبر ضلع کونسل راجہ خالد پرویز ، چیئرمین راجہ فاروق احمد ، راجہ گل نوید،مسلم لیگ ن تارکین وطن کے راہنما راجہ امتیاز احمد ، سابق ممبر ضلع کونسل راجہ محمد اسحاق خان ،ماسٹر امیر عالم،کرنل (ر)راجہ طاہر نجیب ،چوہدری لال حسین ، چوہدری محمد اسلم ،چوہدری نعیم مڑیال ، مرزا صوفی نذیر ،مسلم لیگ ن حلقہ کے صدر راجہ اظہر اقبال ،راجہ عمران افضل، راجہ مختار احمد کے علاوہ تینوں یونین کونسلز پنجیڑی ، کسگمہ اور کلری کے نمائندہ افراد کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی ،نیابت کے قیام کی خوشی میں عوام علاقہ میں انتہائی جوش وخروش پایا جاتا تھا۔
نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے ہوئے نیابت کے قیام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا شکریہ ادا کیا، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویز جب نیابت دفتر کا افتتاح کرنے کلری پہنچے تو عوام علاقہ نے ان پر ڈھیروں گل پاشی کی،اس موقع پر انہوں نے عوام علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید آزادکشمیر میں بلاتخصیص تعمیر وترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اورعوام علاقہ کے بھرپور مطالبہ کو وزیر اعظم آزادکشمیر نے پذیرائی دیتے ہوئے کلری نیابت کے قیام کو بھی پایہ تکمیل پہنچایا ، انہوں نے کہا کہ عوام علاقہ کے اتفاق رائے اور اجتماعی فکر سے نیابت دفتر کیلئے حصول آراضی کے عمل کو مکمل کیا جائے جس پر انشاء اللہ حکومت جلد ہی عمارت کی تعمیر کے عمل کو بھی شروع کرے گی۔
قبل ازیں کمشنر میرپور راجہ امجد پرویز علی خان نے نیابت دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد نیابت انچارج نائب تحصیلدار چوہدری فضل حسین و دیگر اہلکاران کو ان کی نشستوں پر بیٹھاتے ہوئے دفتری مکانیت پر اطمینان کا اظہار کیا،تقریب میں عوام علاقہ کے نمائندہ افراد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیابت قیام حکومت اور بلخصوص وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی کاوشوں کا ثمر ہے جس پر عوام علاقہ وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ذات ، برادری اور علاقائی ازم سے بالا تر ہوکر خالصتاََعوامی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیابت کا قیام عمل میں لایا، مقررین نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل بھی کلری(کماگری) میں نیابت موجود تھی لیکن ایک طویل عرصہ سے عوام علاقہ کو آراضی کی نقل لینے کیلئے بھی طویل مسافت طے کرکے بھمبر جانا پڑتا تھا۔
لیکن اب یونین کونسل کسگمہ ، یونین کونسل پنجیڑی اور یونین کونسل کلری کے ہزاروں افرادبلاامتیاز ہر غریب و امیر نیابت قیام سے بھرپور مستفید ہوں گے، مقررین نے کہا کہ نیابت کو عارضی عمارت سے مستقل عمارت میں منتقل کرنے کیلئے عوام علاقہ نے محکمہ مال کو بلامعاوضہ زمین مہیا کریں گے جس پر حکومت نیابت کی سرکاری عمارت تعمیر کرے گی، عوام علاقہ کی جانب سے زمین عطیہ کرنے کے فیصلہ کو کمشنر میرپور نے سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بھمبر کو ہدایت کی کہ وہ آراضی کا جملہ پراسس مکمل کرکے ڈاکومنٹس ارسال کریں اس پر انشاء اللہ جلد ہی عمارت تعمیر کے پراسس کو بھی مکمل کیاجائے گا۔