واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایرانی قیادت جوہری تنازعے پر بات چیت کی طرف نہیں آتی تویہ اس کی بہت بڑی بے وقوفی اور انا پرستی کا واضح ثبوت ہو گا۔
گزشتہ روز امریکی صدر نے کہا تھا کہ جنگ کی صورت میں ایران کوجلد ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے جبکہ جنگ میں ہراعتبار سے امریکہ کا پلڑا بھاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ اس لیے زیادہ طول نہیں پکڑے گی کیونکہ اس میں بری فوج کو شامل نہیں کریں گے۔
تاہم ،صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ جنگ کی نوبت نہیں آئے گی البتہ اگر ہوئی تو امریکہ طاقت ورثابت ہوگا۔
امریکی صدر نے گزشتہ منگل کے روز خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی حماقت کی تو اس کے نتیجے میں ایران کوصفحہ ہستی سے مٹایا جاسکتا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ ایرانی لیڈر قوم کامال دہشت گردی کے فروغ پر صرف کرتے ہیں اور یہ لوگ صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔