کراچی (خصوصی رپورٹ) بلدیہ کورنگی نے علاقائی ترقی اور عوام کی دہلیز تک بلدیاتی سہولیات پہنچانے کے لئے انقلابی پلان پر عمل درآمد کا آغاز کردیا ،بلدیہ کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر نے اعلان کی ہے کہ محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا نے اور عوام کو در پیش روز مرہ مسائل سے نجات دلا نے کے لئے ہر محلے میں کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل سے آگاہی اور مسائل فوری حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اس حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل کالونی نمبر1یونین کونسل نمبر3کے علاقے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری عوامی مقدمہ لیکر پہنچ گئے حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ عوام عدم تحفظ کے ساتھ علاقائی مسائل کے حوالے سے شدید اذیت کا شکار ہیں
اس موقع پر انہوں نے عوامی کھلی کچہری میں پولیس افسران کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اگر عوام کے جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتی تو بتا دے تو عوام اپنے تحفظ کے حوالے سے خود بند و بست کرلیں انہوں نے کہاکہ ادارے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک نہ کریں اگر عوام اپنے اختیار کے لئے اُٹھ کھڑے ہوئے تو نہ اُن کی کرسی رہے گی نہ اقتدارحق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے
عوام پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور سیوریج مسائل کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہیں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ پینے کے پانی کی عدم فراہمی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ غیر قانونی ہائیڈرینٹ مافیا ہے صوبائی وزیر بلدیات جو کہ چیئر مین کراچی واٹر بورڈ بھی ہیں صرف زبانی جمع خرچ کررہے ہیں پانی چوری کی روک تھام کے حوالے سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جار ہے ہیں اس موقع پرحق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ عوامی مسائل سے پہلو تہی برتنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے ساتھ علاقائی ترقی اور عوام کو بلدیاتی مسائل سے نجات دلا ئی جائے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ اگر عوامی مسائل پر غفلت اور لاپراہی کا سلسلہ جاری رہا تو عوام کے ہمراہ ہم بھی سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہونگے۔
کھلی کچہری میں بلدیاتی مسائل کے حوالے سے شکایات سننے کے بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری اور میونسپل کمشنر مسرور احمدمیمن نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنا یا جائے گا اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی مسائل کے حل کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون سے علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے درپیش عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔