قصور(جیوڈیسک)قصور تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ قومیں سڑکین بنانے سے نہیں بنتیں بلکہ لوگوں کو عدل اور انصاف فراہم کرنے سے قوم بنتی ہے،اور جب قوم بن جائے تو سڑکیں ، عمارتیں سب کچھ بن جاتا ہے ،قصور میں انتخابی جلسے سے خطاب کے موقع پر عمران نے کہا ہے کہ 11 مئی کو نوجوان اپنی جنگ سمجھتے ہوئے گھروں سے باہر نکلیں۔
اس روز فجر کے بعد سے پولنگ اسٹیشنوں پر لائنیں لگانا شروع کردیں اور گیارہ مئی کو نیا پاکستان بنائیں۔تحریک انصاف کے سر براہ نے اپنے خطاب میں کہا قصور میں شکاری آگیا ہے ،زرداری تمہاری باری ختم ہو گئی ہے، اور تمہارے قریبی دوست نواز شریف کی بھی باری ختم ہو گئی ہے ۔ہمیں 11 مئی کو پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کا شکار کرنا ہے ، چوروں اور ڈاکووں کے ساتھ بلے نے بہت برا سلوک کر نا ہے۔
انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب ، اب آپ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں جو پانچ باریوں کے باوجود نہیں کر سکے۔انہوں نے خطاب کے دوران ہر یونین کونسل کے اندر نوجوانوں کیلئے اسٹیڈیم بنانے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔