کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ جلد از جلد انصاف کی فراہمی ججز کی ذمے داری ہے۔
سینٹرل جیل کراچی میں میں انسداد دہشت گردی کی 2 عدالتوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں کئی دردناک واقعات ہوئے،معصوم جانیں ضائع ہوئیں، دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور عدالتوں کا قیام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔
جسٹس انورظہیر جمالی نے کہا کہ کراچی میں بہت درد ناک سانحات ہوچکے ہیں، جن میں ججز، پولیس، وکلا اور عام شہری دہشت گردوں کے نشانے پررہے ہیں، جلدازجلدانصاف کی فراہمی ججزکی ذمے داری ہے،دہشت گردی کے جن پر قابو پانے کے لئے نیا معقول حل نکالنے میں سندھ حکومت بازی لے گئی۔ سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی عمارتیں آئندہ برس تیارہوجائیں گی۔