اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین کہتے ہیں کہ قوم جھوٹوں کی باتوں میں ہرگز نہ آئے، شعبدہ بازی کی سیاست سے ملک کیلئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے وزیر مملکت بلیغ الرحمان اور بہاولپور چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر صدر ممنون حسین نے کہا کہ اسلام آباد میں قوم شعبدہ بازوں سے خبردار رہے۔
قوم شعبدہ بازی سے متاثر نہ ہو، شعبدہ بازی کی سیاست سے ملک کے لئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کا موجودہ موقع ضائع ہوگیا تومستقبل میں ملک کے لئے مسائل پیدا ہو جائیں گے، موجودہ وقت بہت قیمتی ہے، صدر ممنوں حسین کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر سے قطع تعلق کرنے کے لئے قومی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے۔