کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) دہشتگردوں کو باہر سے فنڈنگ اور اندر سے سپورٹ ملنے کے آرمی چیف کے اعترافی بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ قومی سلامتی کیلئے سرحدوں کو محفوظ بنانے کا آرمی چیف کا عزم قوم کیلئے باعث اطمینان اور قابل توصیف و ستائش ہے۔
قوم افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت ‘ عزم و حوصلے ‘ قابلیت و دیانتداری ‘ ایثار وقربانی اور دہشتگردی کیخلاف اس کی جدوجہد پر نہ صرف مکمل اعتراف و بھروسہ کرتی ہے بلکہ اس کی معترف بھی ہے مگر دہشتگردوں کو باہر سے فنڈنگ اور اندر سے سپورٹ کا اعتراف قوم کو تشویش میں مبتلا کررہا ہے۔
کیونکہ قوم جانتی ہے کہ فوج عرصہ سے دہشتگردی کیخلاف بر سر پیکار ہے اور ہر طرح سے دہشتگردوں کا سرکچلنے کے ساتھ ان کا نیٹ ورک توڑ رہی ہے پھر بھی طویل عرصہ گزرنے کے باوجوداب تک باہر سے دہشتگردوں کی فنڈنگ کا نہ رکنا اور اندر سے ان کے معاونت وسہولت کاروں کا قانون کی گرفت اور احتساب کی زد میں نہ آناقوم کیلئے انتہائی حیرت انگیز اور تشویشناک ہے۔