پاکپتن(جیوڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحبان جعلی سروے کرواتے رہیں، عوام تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کر چکے۔پاکپتن تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مسائل کی اصل جڑ کرپشن ہے۔ اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔ ایک دن ایسا آئے گا کہ بیرون ممالک کے افراد پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی حکومت اپنے کسانوں کو سستی بجلی، کھاد اور تمام طرح کی سہو لیات فراہم کرتی ہے۔ ہم اپنے چھوٹے کسان کو اٹھائیں گے، پیسہ بنانے کا موقع دیں گے اور پیداوار کا پورا منافع فراہم کریں گے۔ نئے پاکستان میں سب سے پہلے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا جائے گا۔
پاکپتن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز گزشتہ پانچ باریوں میں قوم کو بجلی کے بحران سے نجات نہیں دلا سکی۔ سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف جنگلہ بس سروس کی بجائے قوم کو بجلی بحران سے نجات دلانے کے لئے کام کرتے۔
عوام مسلم لیگ نواز کو بار بار آزما چکے ہیں۔ میاں صاحبان جعلی سروے کرواتے رہیں لوگ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ پرانی جماعتیں نوجوانوں کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ پہلی گیند پر نواز شریف کی وکٹ گرا دوں گا۔