لوگوں کی بڑی تعداد مویشی خریدنے کیلئے منڈیوں کا رخ کر رہی ہے

Cattle Market

Cattle Market

پشاور (جیوڈیسک) عید الاضحی میں دودن رہ گئے ہیں پشاور کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانور خریدنے کے لئے لوگوں کا رش بڑھتا جا رہا ہے لیکن ہوشربا قیمتوں کی وجہ سے گاہگ اب بھی خریداری سے گریزاں دکھائی دے رہے ہیں۔ عیدالاضحی کی آمد پر پشاور میں جگہ جگہ مویشی منڈیاں سج گئیں۔

بڑی منڈیوں میں ملک بھرسے قربانی کے جانور لائے گئے ہیں جن میں ہر قسم اور نسل کے جانور موجود ہیں بیوپاریوں نے جانور کو جاذب نظر بنانے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شہریوں کی بڑی تعداد قربانی کے جانور خریدنے کے لئے ان منڈیوں کارخ کر رہی ہے، جن میں بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ جن کا شوق دیدنی ہے۔

منڈیوں میں آئے ہوئے صاحب ثروت لوگ تو پسندیدہ جانور منہ مانگے دام دے کر بھی خرید رہے ہیں۔ لیکن خریداروں کی اکثریت اب بھی دام گھٹنے کی آس لگائی بیٹھی ہے۔ کیونکہ جانوروں کی قیمتیں ہیں کہ آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بعض گاہگ تو کئی دنوں سے مسلسل مویشی منڈیوں کا طواف کرتے نظر آتے ہیں۔

شام کو تھک ہار کر گھروں کو واپس لوٹ جاتے ہیں اور اگلے دن نئے عزم اور امید کے ساتھ پھر منڈیوں کا رخ کرتے ہیں۔ کہ شاید آخری دودنوں میں قیمتوں میں کچھ کمی آ جائے۔ شہر میں جگہ جگہ چھری چاقو فروخت کرنے کی دکانیں کھل گئی ہیں اور قصاب بھی چھریوں کے دھار تیز کرنے لگے ہیں۔