لوگوں نے میرے والدین کو مجھے پیدا ہوتے ہی مار دینے کا کہا تھا، سمرتی ایرانی

Smriti Irani

Smriti Irani

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت میں ٹی وی کی سپر اسٹار اور ملک کی وزیر برائے انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ پیدا ہوئیں تو کچھ لوگوں نے ان کی ماں کو مجھے بوجھ قرار دیتے ہوئے مارنے کا مشورہ دیا تھا۔

بھارت میں اسکول کے دورے کے دوران بچیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمرتی ایرانی کا کہنا تھا کہ وہ جب پیدا ہوئیں تو اس زمانے میں لڑکیوں کو بوجھ سمجھا جاتا تھا۔ کچھ لوگوں نے ان کی والدہ کو ان کے پیدا ہوتے ہی مار ڈالنے کا مشورہ دیا تھا لیکن ان کی ماں بہادر تھیں اور انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج یہاں موجود ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اگر بچیوں کو بوجھ سمجھا جاتا تھا تو آج کے زمانے میں بھی اس سوچ میں بہت تبدیلی نہیں آئی ہے لیکن جدید تعلیم کی وجہ سے اب حالات بدل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں دوران حمل بچے کی جنس معلوم کرنا جرم ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں ہزاروں لوگ پیدائش سے پہلے اپنے بچوں کی جنس معلوم کرتے ہیں اور بچیوں کو پیدائش سے پہلے یا پیدا ہوتے ہی قتل کردیا جاتا ہے۔