‘پیپلز پارٹی نواز شریف کی نہیں جمہوریت کی حمایت کرتی ہے

Khurshid

Khurshid

سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت جمہوریت کے خلاف کسی لانگ مارچ کا حصہ نہیں بننے گی، لیکن انہوں نے یہ واضح کیا کہ ان کی جماعت جمہوریت کی خاطر نواز شریف نہیں بلکہ حکومت کی حمایت کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی فوج شدت پسندوں کے خلاف لڑ رہی ہے اور پوری قوم کو فوجی جوانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکھر یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے پریس کلب میں پانچ جولائی کی مناسبت سے منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آمریت نے پاکستان کو دو حصوں میں توڑ دیا ہے اور ایک دوسرے آمر کی وجہ سے فوج شدت پسندوں کے ساتھ لڑ رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو بھی پانچ جولائی کے دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانا چاہیے تاکہ ان لوگوں کو پیغام جائے جو اس وقت ملک میں جمہوریت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا کی تعریف کی جس نے جس نے ملک میں فوجی حکومت کے دور میں آمریت کی مخالفت کی اور ایک جمہوری حکومت کو لانے کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔