پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا امین فہیم کو دہشتگردی کیخلاف طلب کی گئی اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہ دینے پر شدید احتجاج
Posted on September 9, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد : پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے حکومت کی طرف سے امین فہیم کو دہشتگردی کے خلاف حکمت عملی طے کرنے کیلئے طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہ دینے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ حکومت نے آج (پیر ) کو منعقدہ کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو دعوت دی ہے لیکن پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر امین فہیم کو دعوت نہیں دی گئی جس پر پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اس سلسلے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے رابطے کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ انہوں نے امین فہیم سے بھی رابطہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی دعوت نہ ملنے کا معاملہ آصف زرداری کے نوٹس میں لے آئی ہے۔ مخدوم امین فہیم نے کہا کہ حکومت کو اصولی طور پر مجھے دعوت دینا چاہئے تھی۔ اے پی سی میں شرکت کرنے یا نہ کرنے پر مشاورت کریں گے، خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈر اور قائم علی شاہ کو بطور وزیر اعلی سندھ مدعو کیا گیا ہے۔