پیپلز پارٹی نے رضا ربانی کی انتخابی مہم شروع کر دی

Raza Rabbani

Raza Rabbani

اسلام آباد(جیوڈیسک) یپلز پارٹی نے صدارتی امیدوار رضا ربانی کی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے وفد نے شجاعت حسین، فضل الرحمان، آفتاب شیر پا اور وزیراعلیِ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے رضا ربانی کی حمایت کی درخواست کر دی۔ مولانا اور چودھری شجاعت نے مشترکہ امیدوار لانے کے تجویز دی ہے۔ پیپلز پارٹی، اے این پی اور بی این پی عوامی کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں رضا ربانی کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار کے لئے نامزد کیا۔

اجلاس کے بعد خورشید احمد شاہ، رضا ربانی اور قمر الزمان کائرہ نے وزیر اعلیِ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور گورنر انجینئر شوکت اللہ سے ملاقات کی۔ پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیر اعلیِ سے تحریک انصاف کی جانب سے رضا ربانی کی حمایت کی درخواست کی۔ مخدوم امین فہیم، خورشید شاہ، اعتزاز احسن، رضا ربانی اور قمر الزمان کائرہ، مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت کے رہائش گاہ پر بھی پہنچے اور انہیں رضا ربانی کی حمایت کی درخواست کی۔

پیپلز پارٹی کے رہنمائون نے آفتاب احمد شیر پائو سے بھی ملاقات کی۔آفتاب شیر پائو نے کہا کہ وہ دو دن تک پارٹی کا اجلاس بلاکر حتمی فیصلہ کریں گے۔ پیپلز پارٹی کا وفد مولانا فضل الرحمان کے رہائش گاہ پر بھی پہنچا۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ امیدوار لانے کی تجویز دی جس کے ساتھ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے بھی اتفاق کیا۔ پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ رضا ربانی کو مشترکہ امیدوار بنانے کے لئے مسلم لیگ نواز سمیت حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔